امریکا کی ایران پر مسلسل چھٹی رات بھی فضائی بمباری، حملے میں 2 افراد جاں بحق
امریکا نے ایران پر مسلسل چھٹی رات بھی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے جواب میں ایران نے بھی جواب کارروائی کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ ایران نے ان حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق امریکی طیاروں نے مختلف شہروں میں فوجی اور بنیادی ڈھانچے (انفرااسٹرکچر) کو نشانہ بنایا۔
صوبہ ہرمزگان میں ہونے والے حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، جبکہ خورستان پل اور بندر خمیر کے علاقے میں تین پلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بندر عباس میں ایک رہائشی عمارت اور مواصلاتی ٹاور بھی حملے کی زد میں آئے، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
ایرانشہر ایئرپورٹ پر بھی بمباری کی گئی، جبکہ قشم جزیرے میں کم از کم 8 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بندر عباس کے ریلوے اسٹیشن پر حملے میں مزید 2 افراد زخمی ہوئے۔
ایران پر حملے سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اعلان کیا تھا کہ امریکی فوج نے ایران کے خلاف حملوں کی نئی لہر کا آغاز کر دیا، بعد ازاں ایک اور بیان جاری کیا جس میں سینٹ کام نے کہا تھا 9 بج کر چالیس منٹ پر ایران پر حملوں کی نئی لہر مکمل کر لی گئی ہے۔
سینٹ کام کے مطابق امریکی افواج نے مسلسل چھٹی رات ایران کے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا اور ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی فوجی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔
ادھر ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر کارروائی کا دعویٰ کیا۔
ایرانی فوج کے مطابق بحرین کے سخیر بیس پر موجود امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔
ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں امریکی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے، جن کے بعد مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
روسی میڈیا کے مطابق ایرانی ڈرونز نے امریکی میزائل دفاعی نظام کی ایک بیٹری کو بھی نشانہ بنایا۔
دوسری جانب کویتی فوج کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو ناکام بنا دیا۔
کویتی حکام کے مطابق ایرانی حملوں میں متعدد اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مالی نقصان ہوا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔