اینڈرائیڈ فون کے 3 سیفٹی فیچرز آپ کی جان بچا سکتے ہیں، ابھی آن کریں
آج کل موبائل فون ہماری زندگی کا سب سے اہم حصہ بن چکا ہے۔ فون پر باتیں کرنے، ویڈیو دیکھنے اور سوشل میڈیا استعمال کرنے کے علاوہ اس میں کچھ ایسے حفاظتی فیچرز بھی موجود ہیں جو کسی حادثے، زلزلے یا اچانک آنے والی مصیبت میں مدد کرسکتے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ ان زبردست فیچرز کے بارے میں جانتے ہی نہیں اور نہ ہی انہیں اپنے فون میں آن رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ ضرورت کے وقت ان سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے۔
ہر اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ان حفاظتی سیٹنگز کو فون کے اندر پہلے سے ہی شامل کرتی ہے تاکہ مشکل وقت میں یہ فیچر خود بخود کام کر سکیں اور گلی محلوں میں رہنے والے عام لوگ بھی کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔
اگر آپ نے ابھی تک ان فیچرز کو آن نہیں کیا تو ان کے بارے میں جانیں اور فوراً اپنے فون میں آن کریں۔ یہ فیچرز پہلے سے فعال ہوں تو خطرے کی صورت میں فون خودکار طور پر الرٹ بھیج سکتا ہے، مقام کی معلومات فراہم کر سکتا ہے اور قریبی افراد کو اطلاع دے سکتا ہے۔
ایمرجنسی ایس او ایس فیچر
سب سے پہلا اور اہم فیچر ایمرجنسی ایس او ایس یعنی ہنگامی مدد کا ہے۔ یہ فیچر اس وقت سب سے زیادہ کام آتا ہے جب انسان کسی ایسی مصیبت میں پھنس جائے جہاں موبائل کا لاک کھولنے یا نمبر ڈائل کرنے کا وقت بالکل نہ ہو۔
اس فیچر کو آن کرنے کے لیے فون کی سیٹنگز میں جا کر سیفٹی اینڈ ایمرجنسی والے حصے میں اپنے کسی پیارے یا گھر والے کا نمبر محفوظ کرنا ہوتا ہے۔ اس کے بعد جب بھی کوئی مصیبت آئے، آپ کو صرف اپنے فون کا پاور بٹن (جس سے فون آن آف ہوتا ہے) لگاتار کئی بار دبانا ہوگا۔
ایسا کرتے ہی آپ کے فون سے اس نمبر پر خود بخود کال چلی جائے گی اور ساتھ ہی آپ کہاں موجود ہیں، اس جگہ کا پتہ یعنی لوکیشن بھی میسج کے ذریعے پہنچ جائے گی، جس سے گھر والے یا متعلقہ افراد فوری طور پر صورتحال سے آگاہ ہو سکتے ہیں۔
زلزلے سے پہلے خبردار کرنے والا الرٹ
دوسرا اہم فیچر زلزلے سے باخبر رکھنے کا ہے۔ قدرتی آفت یا زلزلے سے ہونے والے نقصان سے بچانے کے لیے گوگل نے اینڈرائیڈ فونز میں زلزلے کا الرٹ بھیجنے کا سسٹم رکھا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے سے چند سیکنڈ پہلے ہی یہ فون پر ایک زوردار آواز کے ساتھ الرٹ بھیج دیتا ہے۔ اس سے انسان کو سنبھلنے اور کسی محفوظ جگہ پر جانے کا کچھ وقت مل جاتا ہے۔
اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے فون کی سیٹنگز میں جا کر سیفٹی اینڈ ایمرجنسی سیکشن کھولیں اور ”ارتھ کوئیک الرٹ“ کو آن کریں۔
حادثے کی صورت میں خودکار مدد
گوگل کی پرسنل سیفٹی ایپ میں موجود کار کریش ڈیٹیکشن فیچر بھی صارفین کے لیے انتہائی اہم سہولت ہے۔ یہ فیچر گاڑی کے خطرناک حادثے کی صورت میں صورتحال کو پہچاننے کی کوشش کرتا ہے۔
اگر فون کو محسوس ہو کہ صارف کسی بڑے حادثے کا شکار ہوا ہے اور کوئی ردعمل نہیں دے رہا تو یہ خودکار طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دینے اور محفوظ کیے گئے رابطوں کو الرٹ بھیجنے میں مدد کر سکتا ہے۔
یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہے جو اکیلے سفر کرتے ہیں یا لمبے راستوں پر گاڑی چلاتے ہیں۔
قدرتی آفات کے لیے وائرلیس ایمرجنسی الرٹس
اسی طرح وائرلیس ایمرجنسی الرٹ کا ایک فیچر بھی فون میں موجود ہوتا ہے جو سیلاب، طوفان یا تیز بارشوں جیسی آفات کے آنے سے پہلے ہی آپ کے فون کی اسکرین پر الرٹ بھیج کر آپ کو خبردار کر دیتا ہے تاکہ آپ وقت پر کسی محفوظ جگہ پہنچ سکیں۔ یہ الرٹس سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کیے جاتے ہیں تاکہ لوگ بروقت احتیاطی اقدامات کر سکیں اور خطرناک علاقوں سے دور رہ سکیں۔
صارفین اپنے فون کی سیٹنگز میں جا کر سیفٹی اینڈ ایمرجنسی سیکشن میں ان الرٹس کو فعال کر سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون میں موجود یہ سہولیات صرف اضافی آپشنز نہیں بلکہ ہنگامی حالات میں زندگی بچانے والے ٹولز ثابت ہو سکتی ہیں۔ صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے فون کی سیٹنگز چیک کریں اور ان اہم حفاظتی فیچرز کو پہلے سے فعال رکھیں تاکہ ضرورت کے وقت فوری مدد حاصل کی جا سکے۔