فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل خطرے کی گھنٹی، نیویارک کی فضا آلودگی کی لپیٹ میں

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔
شائع 17 جولائ 2026 02:16pm

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل امریکا کے شہر نیویارک اور نیو جرسی میں فضائی آلودگی نے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔ کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والا دھواں شمال مشرقی امریکا کے مختلف علاقوں تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان ہونے والے فائنل میچ کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کی صحت سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

دنیا بھر کے فٹ بال شائقین فائنل مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ 19 جولائی کو نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس تاریخی مقابلے کو دیکھنے کے لیے 80 ہزار سے زائد شائقین کی آمد متوقع ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق منتظمین مسلسل موسم اور فضائی معیار کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ میچ کے دوران کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

صحت سے متعلق جاری کردہ الرٹ میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور سخت جسمانی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ طبی ماہرین کے مطابق جنگلاتی آگ کے دھوئیں میں زیادہ دیر تک رہنا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، خصوصاً ان افراد کے لیے جو سخت جسمانی سرگرمی انجام دے رہے ہوں

ماہرین کے مطابق 90 منٹ تک فٹ بال کھیلنا بھی ایک انتہائی مشقت طلب سرگرمی ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔

ماہر امراضِ تنفس ڈاکٹر وِن گپتا نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”دھوئیں سے بھرپور ماحول میں 90 منٹ تک فٹ بال کھیلنا کھلاڑیوں کے دل اور پھیپھڑوں پر اضافی دباؤ ڈال سکتا ہے۔“

انہوں نے مزید کہا کہ سانس کے امراض میں مبتلا شائقین کو احتیاط برتنی چاہیے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو ماسک کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق اگرچہ اس وقت نیویارک اور اس کے گرد و نواح میں فضائی آلودگی کی سطح تشویشناک ہے، تاہم ہفتے کے روز متوقع بارش اور گرج چمک کے باعث صورتحال میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

پیش گوئی کے مطابق بارش دھوئیں کے ذرات کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے جبکہ ٹھنڈی ہوائیں بھی فضائی معیار کو بہتر بنا سکتی ہیں۔

موسم کی پیش گوئی کے مطابق جمعہ کو درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے جبکہ ہفتے کو بارش متوقع ہے۔ فائنل کے روز درجہ حرارت تقریباً 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور موسم نسبتاً بہتر ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اسپین اور ارجنٹینا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ اسپین 2010 کے بعد اپنا دوسرا عالمی ٹائٹل جیتنے کا خواہاں ہے جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گا۔

فائنل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب بھی شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگی۔ اس بار میچ کے ہاف ٹائم میں شکیرا اور جسٹن بیبر سمیت دنیا کے مشہور فنکار اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔

اس کے علاوہ فاتح ٹیم کے کپتان کو ورلڈ کپ ٹرافی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کی جانب سے پیش کیے جانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اگرچہ فضائی آلودگی نے وقتی طور پر تشویش پیدا کی ہے، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ موجودہ موسمی پیش گوئی درست ثابت ہونے کی صورت میں ورلڈ کپ فائنل کے انعقاد میں کسی بڑی رکاوٹ کا امکان نہیں ہے۔

Read Comments