بالوں میں تیل لگاتے وقت آپ بھی یہ 6 غلطیاں کرتے ہیں؟
صدیوں سے بالوں کو خوبصورت اور مضبوط بنانے کے لیے تیل کا استعمال سب سے پرانا اور مقبول طریقہ مانا جاتا ہے، لیکن بہت سے لوگ روزانہ تیل لگانے کے باوجود اپنے بالوں کو خراب کر بیٹھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ سوشل میڈیا پر پھیلی غلط معلومات اور تیل لگانے کے دوران کی جانے والی چند عام غلطیاں ہیں۔
اکثر لوگ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے غیر مصدقہ نسخوں پر عمل کرتے ہوئے ایسی غلطیاں کر بیٹھتے ہیں جو فائدے کے بجائے نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق صرف مہنگا تیل خرید لینا کافی نہیں ہوتا، بلکہ اپنے بالوں کی قسم کو سمجھنا اور صحیح طریقے سے تیل لگانا ہی اصل فائدہ پہنچاتا ہے۔
بالوں کی نوعیت کے مطابق مناسب تیل کا انتخاب
ماہرین کے مطابق سب سے بڑی غلطی اپنی بالوں کی نوعیت کو سمجھے بغیر تیل کا انتخاب کرنا ہے۔ اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر جس تیل کی تعریف کی جا رہی ہو، وہ ان کے لیے بھی بہترین ہے، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ ہر انسان کے بالوں کی ساخت الگ ہوتی ہے۔
ہماری سر کی جلد خود ایک قدرتی تیل بناتی ہے جسے ’سیبم‘ کہتے ہیں۔ جن لوگوں کے بال بہت جلدی چکنے ہو جاتے ہیں، ان کے سر کی جلد یہ تیل زیادہ بناتی ہے۔
اگر آپ کے بال باریک یا چکنے ہیں تو بھاری تیل نقصان پہنچا سکتے ہیں، کیونکہ اس سے بالوں کی جڑیں کمزور ہو سکتی ہیں۔ اس کے لیے آرگن اور جوجوبا آئل بہتر انتخاب ہو سکتے ہیں، جو بالوں کو چپچپا نہیں کرتے۔ اس کے برعکس جن لوگوں کے بال گھنے یا بہت زیادہ خشک ہوتے ہیں، انہیں ناریل اور ایووکاڈو جیسے طاقتور اور غذائیت سے بھرپور تیل استعمال کرنے چاہئیں تاکہ بالوں کا روکھا پن ختم ہو سکے۔
بہت زیادہ مقدار میں تیل ہمیشہ زیادہ فائدہ نہیں دیتا
ایک اور بڑی غلطی یہ کی جاتی ہے کہ اکثر لوگ یہ سوچ کر کہ زیادہ تیل سے زیادہ فائدہ ہوگا سر پر بہت زیادہ مقدار میں تیل تھوپ لیتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چند قطرے تیل ہی بالوں کے لیے کافی ہوتا ہے۔ زیادہ تیل لگانے سے بال بھاری ہو جائیں گے اور کھوپڑی پر چربی کی ایک گندی تہہ جم جائے گی جسے دھونا مشکل ہو جاتا ہے اور اس وجہ سے خشکی اور خارش جیسے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
تیل کہاں اور کیسے لگانا چاہیے؟
تیل لگانے کا طریقہ بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔ تیل کو پہلے دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں میں ہلکا سا گرم کریں، پھر اسے بالوں کے درمیانی حصے اور نچلے سِروں پر لگائیں،کیونکہ یہی حصے خشکی اور دو منہ بالوں کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ جن لوگوں کا سر پہلے ہی چکنا رہتا ہو، انہیں جڑوں میں تیل لگانے سے گریز کرنا چاہیے۔
سر میں تیل کتنی دیر لگا رہنا چاہیے؟
وقت کے حوالے سے بھی لوگ اکثر غلطی کرتے ہیں اور رات بھر سر میں تیل لگا کر سو جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق رات بھر تیل چھوڑنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ بال دھونے سے صرف 30 منٹ یا زیادہ سے زیادہ 2 گھنٹے پہلے تیل لگانا ہی کافی ہے۔ اسی طرح نہانے کے بعد بھی بہت معمولی مقدار میں ہلکے گیلے بالوں پر تیل لگایا جا سکتا ہے تاکہ بالوں کی نمی برقرار رہے اور وہ آسانی سے سنوارے جا سکیں۔
بال لمبے کرنے کے دعوے اور سائنسی حقیقت
سوشل میڈیا پر اکثر یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ تیل لگانے سے بال چند ہی دنوں میں جادوئی طور پر لمبے ہو جاتے ہیں، لیکن سائنسی تحقیقات اس دعوے کی مکمل تائید نہیں کرتی۔
سائنس کے مطابق تیل کا کام بالوں کو جڑ سے تیزی سے اگانا نہیں ہے، بلکہ بالوں کو ٹوٹنے سے بچانا، ان کی پروٹین کو محفوظ رکھنا اور انہیں نرم بنانا ہے۔ جب بال ٹوٹنے سے بچ جاتے ہیں تو وہ اپنی اصل لمبائی برقرار رکھتے ہیں اور گھنے نظر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بال صحت مند رہتے ہیں اور وقت کے ساتھ زیادہ خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔
تحقیقاتی مطالعہ سے معلوم ہوا ہے کہ ناریل کا تیل بالوں سے پروٹین کے ضیاع کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ آرگن اور جوجوبا آئل بالوں کی خشکی اور بے ترتیبی کو کم کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔ تاہم اب تک ایسے مضبوط سائنسی شواہد دستیاب نہیں جو یہ ثابت کریں کہ تیل براہ راست بالوں کی نشوونما کی رفتار کو بڑھاتا ہے۔
کنڈیشنر اور ہیئر ماسک کی اہمیت
بہت سے لوگ کنڈیشنر یا ہیئر ماسک چھوڑ کر صرف تیل پر بھروسہ کر لیتے ہیں، جو کہ ایک غلط طریقہ ہے۔ تیل کو کنڈیشنر یا ہیئر ماسک کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے۔ کنڈیشنر بالوں کو نرم اور سلجھانے میں مدد دیتا ہے جبکہ ہیئر ماسک انہیں اضافی نمی اور پروٹین فراہم کرتا ہے۔
تیل کا کام بالوں کے گرد ایک حفاظتی تہہ بنانا اور نمی کو برقرار رکھنا ہے۔ اس لیے تیل کو بالوں کی مکمل نگہداشت کے ایک اضافی حصے کے طور پر استعمال کرنا چاہیے
اگر آپ ہیئر ڈرائر، اسٹریٹنر یا ہیئر کلر کا استعمال کرتے ہیں تو بالوں کی مکمل نگہداشت مزید اہم ہوجاتی ہے۔ متوازن غذا، مناسب مقدار میں پانی کا استعمال اور بالوں کی ضرورت کے مطابق نگہداشت کا معمول اپنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا مناسب تیل کا انتخاب۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خوبصورت اور صحت مند بال کسی ایک پروڈکٹ کا نتیجہ نہیں بلکہ درست معلومات، مناسب نگہداشت اور متوازن عادات کا مجموعہ ہوتے ہیں۔