عمران خان کی بہن کا متنازع بیان، سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل

نورین نیازی نے پاک بھارت جنگ اور اسرائیل سے متعلق کئی مضحکہ دعوے کیے، بعد ازاں اعتراف کیا کہ یہ سب ان کی ذاتی رائے ہے۔
شائع 18 جولائ 2026 06:09pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کا ’آپریشن معرکۂ حق‘ اور پاک فوج سے متعلق ایک متنازع انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے بھی کئی مضحکہ خیز دعوے کیے ہیں۔ اس بیان کے بعد نورین نیازی کو شدید عوامی ردعمل کا سامنا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی ان کے خلاف تنقید کی جا رہی ہے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک پوڈکاسٹ میں نورین نیازی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں ہونے والی مختصر جنگ کے حوالے سے متنازع دعوے کیے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ سب ایک خفیہ منصوبے کا حصہ تھا، جس کا مقصد پاکستان کو اسرائیل کو تسلیم کرنے پر آمادہ کرنا تھا۔

پوڈکاسٹ کے میزبان کی جانب سے آپریشن معرکہ حق کو پاکستان کے لیے فخریہ لمحہ قرار دینے پر نورین نیازی نے فوراً سے انہیں ٹوکا اور کہا کہ ’یہ کوئی فخریہ لمحہ نہیں بلکہ مودی کے ساتھ مل کر کیا گیا ایک ڈرامہ تھا‘۔

انہوں نے ایک اور مضحکہ خیز الزام عائد کیا جس پر میزبان بھی ہکا بکا رہ گیا۔ نورین نیازی کا کہنا تھا کہ ’مودی چاہتا تو انہیں دو منٹ میں فِکس کردیتا لیکن اسرائیل بیچ میں آگیا تھا‘۔ میزبان انہیں ٹوکتے رہے کہ پاکستان فوج کی شاندار کامیابی کی تو پوری دنیا مثالیں دے رہی ہے۔ جس انہوں نے پھر الزام عائد کیا کہ ’مودی اسرائیل کے کہنے پر جنگ سے پیچھے ہٹا تھا‘۔ اپنے اس مؤقف کی مزید توثیق کرتے ہوئے انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر ایران جنگ شروع نہ ہوتی تو پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا تھا۔

اسی تسلسل میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت کی تعریف کو بھی اسرائیل کو تسلیم کرانے کی مبینہ کوششوں سے جوڑنے کی کوشش کی اور اسرائیلی شخصیات سے ملاقاتوں کے الزامات بھی عائد کیے۔

گفتگو کے دوران نورین نیازی نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کے یہ دعوے کسی مستند معلومات یا شواہد پر مبنی نہیں، بلکہ یہ ان کی ذاتی رائے اوراپنی سوچ ہے۔

فرحان ورک نامی صارف نے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی زبان تو ارناب گوسوامی اور دیگر بھارتی اینکرز نے بھی پاکستان کے لیے استعمال نہیں کی جو عمران نیازی کے گھرانے کی جانب سے استعمال کی جاری ہے۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو اس بیان کی مذمت کرنی چاہیے اور نورین نیازی سے بھی پوچھنا چاہئے کہ وہ چاہتی کیا ہیں؟

ماہرین کے مطابق نورین نیازی کا گمراہ کُن بیان بھارتی بیانیے کو تقویت دیتا ہے، جسے اب بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف استعمال کرسکتا ہے۔

Read Comments