پتوکی: دوست نے دوست کا گردہ نکال کر فروخت کردیا

مجھے نشہ آور مشروب پلا کر بے ہوش کر دیا گیا تھا، متاثرہ شہری کا بیان
شائع 21 جولائ 2026 09:10am

پنجاب کے شہر پتوکی میں ایک شہری نے اپنے دوست پر مبینہ طور پر نوکری کا جھانسہ دے کر اغوا کرنے، نشہ آور مشروب پلا کر بے ہوش کرنے اور اس کا گردہ نکلوا کر فروخت کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری رحمت، جو محلہ پرانی منڈی کا رہائشی ہے نے بتایا کہ اس کا دوست رضا اسے اچھی نوکری دلانے کا وعدہ کرکے اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

رحمت کا کہنا تھا کہ راستے میں رضا نے اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ اسے گاڑی میں بٹھایا، جہاں اسے مبینہ طور پر نشہ آور جوس پلایا گیا، جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔

رحمت نے بتایا کہ جب اسے ہوش آیا تو وہ راولپنڈی میں موجود تھا اور اسے معلوم ہوا کہ اس کا آپریشن کیا جا چکا ہے۔

بعد ازاں جب وہ واپس پتوکی پہنچا تو طبیعت خراب ہونے پر اس نے الٹراساؤنڈ کروایا، جس سے مبینہ طور پر انکشاف ہوا کہ اس کا ایک گردہ موجود نہیں ہے۔

متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ اسے شبہ ہے کہ اس کے دوست اور اس کے ساتھیوں نے منصوبہ بندی کے تحت اس کا گردہ نکال کر فروخت کیا ہے۔

اس نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

دوسری جانب اس واقعے کے حوالے سے پولیس یا متعلقہ حکام کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا، جبکہ خبر میں لگائے گئے الزامات کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔ حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آسکے گی۔

Read Comments