دنیا کے سب سے مشہور یوٹیوبر 'مسٹر بیسٹ' کی شادی ہو گئی

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی شادی کی تصاویر کو لاکھوں لوگوں نے پسند کیا ہے۔
شائع 22 جولائ 2026 11:29am

دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر اور مسٹر بیسٹ کے نام سے مشہور جمی ڈونلڈسن نے اپنی دیرینہ دوست تھییا بوئسن سے شادی کر لی ہے۔ اس خوشخبری کا اعلان انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شادی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے کیا۔

تصویروں کے ساتھ جمی ڈونلڈسن نے لکھا کہ میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا اور یہ میری زندگی کا سب سے بہترین دن تھا۔ تصاویر میں دونوں کو سمندر کے کنارے خوشگوار انداز میں پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس اعلان کے سامنے آتے ہی دنیا بھر سے ان کے کروڑوں مداحوں نے انہیں مبارکباد دینا شروع کر دی۔

شادی کی یہ تقریب جولائی کے مہینے میں برٹش ورجن آئی لینڈز میں واقع رچرڈ برینسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد کی گئی۔

اس تقریب کو کافی حد تک اپنوں تک ہی محدود رکھا گیا تھا جس میں صرف 70 کے قریب رشتہ داروں اور خاص دوستوں کو بلایا گیا تھا۔

شادی سے پہلے آئے ہوئے مہمانوں کے لیے جزیرے پر گھومنے پھرنے اور کھیل کود کا خاص انتظام کیا گیا تھا۔ جن میں کائٹ سرفنگ، سنورکلنگ، بورڈ گیمز اور دیگر تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔

شادی کے موقع پر تھییا بوئسن نے معروف ڈیزائنر نیکول + فیلیشیا کوچر کا تیار کردہ خوبصورت عروسی لباس پہنا، جبکہ مسٹر بیسٹ نے رالف لارین کا ٹکسڈو زیب تن کیا۔

شادی کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تھییا بوئسن نے کہا کہ یہ سننے میں شاید معمولی بات لگے لیکن یہ صرف ایک رسمی کارروائی ہے۔ جب سے ہماری بات چیت شروع ہوئی تھی، ہمارا مقصد ایک دوسرے کے ساتھ شادی کرنا ہی تھا۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اب پوری دنیا کو معلوم ہو گیا ہے کہ ہم میاں بیوی ہیں۔

تھییا کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے اور وہ خود بھی انٹرنیٹ پر گیمز کھیلنے اور ویڈیوز بنانے کی وجہ سے کافی مشہور ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے نفسیات اور قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور ایک کتاب بھی لکھ چکی ہیں۔

ان دونوں کی پہلی ملاقات سال 2022 میں ہوئی تھی جب جمی جنوبی افریقہ کے دورے پر گئے ہوئے تھے۔ وہاں ایک دوست نے ان کی ملاقات تھییا سے کروائی جہاں دونوں کی آپس میں بات چیت شروع ہوئی۔

جمی ہمیشہ اپنی بیوی کے پڑھنے لکھنے کے شوق کی تعریف کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ تھییا کو نئی باتیں سیکھنے سے سچی محبت ہے اور یہی چیز مجھ میں بھی ہے، میں ان کے ساتھ رہتے ہوئے ہمیشہ کچھ نہ کچھ نیا سیکھتا رہتا ہوں اور خود کو بہتر بناتا رہتا ہوں۔

بعد ازاں مسٹر بیسٹ نے تھییا سے رابطہ کیا اور ان سے ملنے کے لیے دوبارہ جنوبی افریقہ کا سفر بھی کیا۔ دونوں نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد دسمبر 2024 میں منگنی کی، جب مسٹر بیسٹ نے کرسمس کے دن خاندانی تقریب کے دوران انہیں شادی کی پیشکش کی۔ اب یہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور ایک نئی زندگی کا آغاز کر رہے ہیں۔

تھییا نے بھی اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب میں پہلی بار جمی سے ملی تو مجھے یہ دیکھ کر بہت حیرت ہوئی کہ وہ کتنے سادہ انسان ہیں۔ مجھے لگتا تھا کہ یوٹیوب کے بڑے سٹار صرف دکھاوا کرتے ہیں، لیکن وہ واقعی ایک بہت اچھے اور عاجز انسان ہیں۔

مسٹر بیسٹ اپنی بڑے پیمانے کی چیلنج ویڈیوز، فلاحی کاموں اور کروڑوں ڈالر کے انعامات دینے کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ان کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور دیگر مواد تخلیق کرنے والوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جبکہ شادی کی تصاویر کو لاکھوں لوگوں نے پسند کیا۔

Read Comments