حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کردیا

پیٹرولیم ڈویژن نے نئے نظام کے تحت 23 جولائی کے لیے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
اپ ڈیٹ 22 جولائ 2026 11:45pm

وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر مسلسل تیسرے روز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے نئے نظام کے تحت 23 جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 7 روپے 83 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 23 جولائی کے لیے ہوگا۔

یاد رہے کہ حکومت نے 2 دن میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 32 پیسے اضافہ کیا ہے جب کہ 3 دنوں میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ 20 روپے 69 پیسے فی لیٹر تک بڑھائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مسلسل تیسرے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ امریکا ایران جنگ کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل اوپر جارہی ہیں، جس کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول مہنگا ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 21 جولائی کو حکومت کی جانب سے پیٹرول 4 روپے 93 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

20 جولائی کو وفاقی حکومت نے عوام کو معمولی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

17 جولائی کو حکومت نے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اگلے 3 روز کے لیے اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

اس سے قبل 10 جولائی کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق پیٹرول 13 روپے 18 پیسے اور ڈیزل 13 روپے 80 پسے فی لیٹر مہنگا ہوا تھا۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

Read Comments