ایک ہفتے میں پیٹرول 24 اور ڈیزل 60 روپے سے زائد مہنگا

صرف پانچ دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 19 روپے 38 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 29 روپے 11 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔
شائع 25 جولائ 2026 08:54am

گزشتہ پانچ دنوں میں حکومتِ پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 19 روپے 38 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 29 روپے 11 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے۔ اگر پورے ایک ہفتے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو مجموعی طور پر پیٹرول 24 روپے 47 پیسے اور ڈیزل 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے۔

وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امریکا و ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مسلسل پانچویں روز بھی پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں بڑا اضافہ کیا۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کی منظوری سے 25 جولائی کے لیے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 66 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ اس تازہ ترین اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی۔

جس کے بعد پانچ دنوں کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 19 روپے 38 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 29 روپے 11 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔

اگر گزشتہ ایک ہفتے کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو پیٹرول 24 روپے 47 پیسے اور ڈیزل 60 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اس نئے نظام کے حوالے سے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے 17 جولائی کو اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ”پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اوگرا روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی“۔

حکومتی اعلان کے بعد 17 جولائی کو پیٹرول 5 روپے 44 پیسے جبکہ ڈیزل 31 روپے 5 پیسے مہنگا کیا گیا تھا۔

اس کے بعد 20 جولائی کو پیٹرول میں 35 پیسے کی معمولی کمی کی گئی جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مزید مہنگا ہو گیا۔

پھر 21 جولائی سے 25 جولائی کے دوران مسلسل ہر روز پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ 21 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے، 22 جولائی کو پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے، جبکہ 23 جولائی کو پیٹرول 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 62 پیسے مہنگا کیا گیا۔

حکام کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ اور امریکی و ایرانی کشیدگی کے سبب امپورٹ کاسٹ میں ہونے والے اضافے کو فوری طور پر مقامی قیمتوں میں شامل کیا جا رہا ہے۔

Read Comments