جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام، خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ سے دور تباہ کردیا
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2026 10:26pm

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو تباہ کرکے حملہ ناکام بنا دیا۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خودکش بمبار کو ہلاک جب کہ مزید تین دہشت گردوں کو ایک قریبی عمارت میں محصور کیا. بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیگر تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔

Read Comments