حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 27 جولائی تک برقرار رکھنے کا فیصلہ

پیٹرولیم ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2026 11:52pm

وفاقی حکومت نے حالیہ دنوں میں مسلسل اضافوں کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ قیمتیں 27 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتیں 27 جولائی تک نافذ العمل رہیں گی، جس کے بعد آئندہ جائزے کی روشنی میں نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اوگرا روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی۔

بعد ازاں 17 جولائی کو حکومت نے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اگلے 3 روز کے لیے اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 05 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

20 جولائی کو وفاقی حکومت نے عوام کو معمولی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، اس کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

پھر 21 جولائی کو حکومت نے پیٹرول 4 روپے 93 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 320 روپے 73 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔

اس کے اگلے روز 22 جولائی کو بھی پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

23 جولائی کو بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 40 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے بڑھائے گئے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے مقرر ہوگئی تھی۔

گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے 66 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 335 روپے 18 پیسے اور ڈیزل 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر پر پہنچ گیا تھا۔

حکومت نے ان اضافوں کی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو قرار دیا تھا، تاہم تازہ نوٹیفکیشن میں پہلی مرتبہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Read Comments