کوکا کولا اپنی کولڈ ڈرنک بنانے کی ترکیب ایک تجوری میں کیوں بند رکھتی ہے؟

کوکا کولا کا خفیہ فارمولا پہلی بار 1919 میں تحریری شکل میں بینک کے والٹ میں محفوظ کیا گیا، جو بعد میں اٹلانٹا منتقل ہوا، جبکہ اصل نسخہ آج بھی راز ہے، آخر کیوں؟
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2026 12:31pm

دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں لوگ کوکا کولا پیتے ہیں، لیکن اس مشروب کا اصل فارمولا آج بھی ایک ایسا راز ہے جسے کمپنی نے انتہائی سخت سیکیورٹی والے والٹ میں محفوظ رکھا ہوا ہے۔ کئی دہائیوں سے لوگ اس کے اجزا جاننے کی کوشش کرتے رہے ہیں، مگر کمپنی نے کبھی بھی اپنے اصل نسخے کو عوام کے سامنے ظاہر نہیں کیا۔

اب اس راز میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو اس کی تاریخ جاننے کا ایک منفرد موقع مل رہا ہے۔ امریکا کے شہر اٹلانٹا میں قائم ورلڈ آف کوکا کولا میں ”دی والٹ آف دی سیکرٹ فارمولا“ کے نام سے ایک مستقل نمائش موجود ہے، جہاں آنے والے افراد کو اس مشہور مشروب کے خفیہ فارمولے کی کہانی اور اس کی تاریخی اہمیت کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ تاہم، کمپنی کے مطابق اصل فارمولا اب بھی مکمل طور پر محفوظ اور خفیہ رکھا گیا ہے۔

کوکا کولا کی تاریخ کا آغاز 1886 میں ہوا، جب ڈاکٹر جان ایس پیمبرٹن نے یہ مشروب تیار کیا۔ ابتدا ہی سے کمپنی نے اس کے نسخے کو خفیہ رکھنے پر خاص توجہ دی۔ بتایا جاتا ہے کہ شروع میں صرف چند افراد ہی اس فارمولا سے واقف تھے اور اسے تحریری شکل میں بھی محفوظ نہیں کیا گیا تھا۔

1892 میں آسا کینڈلر نے کوکا کولا کے حقوق خرید لیے اور کمپنی کے مالک بن گئے۔ بعد ازاں 1919 میں ارنسٹ ووڈرف اور سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے کینڈلر کے خاندان سے کمپنی خرید لی۔ اس خریداری کے لیے قرض حاصل کرنے کے دوران خفیہ فارمولا ضمانت کے طور پر استعمال کیا گیا۔ اسی مقصد کے لیے کینڈلر کے بیٹے سے پہلی مرتبہ فارمولا تحریری شکل میں لکھوایا گیا، جسے نیویارک کے ایک بینک کے محفوظ والٹ میں رکھ دیا گیا۔

جب قرض ادا کر دیا گیا تو 1925 میں فارمولا دوبارہ اٹلانٹا منتقل کر دیا گیا۔ اس کے بعد یہ 86 برس تک ایک اور بینک کے محفوظ والٹ میں رکھا رہا۔ بعد میں اسے ورلڈ آف کوکا کولا منتقل کر دیا گیا، جہاں آج بھی اس کی تاریخ سے متعلق معلومات عوام کے لیے دستیاب ہیں، لیکن اصل نسخہ بدستور خفیہ ہے۔

نمائش میں آنے والے افراد کو اگرچہ اصل فارمولا دیکھنے کا موقع نہیں ملتا، لیکن انہیں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے یہ جاننے کا موقع دیا جاتا ہے کہ کوکا کولا کے منفرد ذائقے کے بارے میں کیا معلومات دستیاب ہیں۔ یہاں ایک ورچوئل ”ٹیسٹ میکر“ بھی موجود ہے، جس کے ذریعے لوگ اپنی پسند کا ذائقہ تیار کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہاں ”مِتھس اینڈ لیجنڈز“ کے نام سے ایک حصہ بھی بنایا گیا ہے، جہاں مشروب سے متعلق مشہور کہانیوں، حقائق، تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے اس کے خفیہ فارمولے کی تاریخ اور اس سے جڑے رازوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

کوکا کولا کا اصل فارمولا آج بھی دنیا کے معروف کاروباری رازوں میں شمار ہوتا ہے، اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے محفوظ رکھنے کی روایت اب بھی اسی طرح برقرار ہے۔

Read Comments