پاکستان میں پھر سونے کے دام بڑھ گئے، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟
پاکستان سونے کی قیمت میں 2 روز بعد پھر بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فی تولہ سونا 1000 روپے اور 10 گرام سونا 857 روپے مہنگا ہوا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے ہیں جب کہ چاندی کی قیمت کم ہوگئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 1000 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 10 ڈالر مہنگا ہو گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 ہزار 50 ڈالر پر پہنچ گئی۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کے برعکس عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 76 سینٹس کی کمی سے 57 ڈالر 36 سینٹس کی سطح پر آنے کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 76 روپے کی کمی سے 6 ہزار 215 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 65 روپے کی کمی سے 5 ہزار 328 روپے کی سطح پر آگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار روپے کم ہو کر 4 لاکھ 26 ہزار 436 روپے ہو گئی تھی۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث خریدار اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سرمایہ کار غیر یقینی معاشی حالات میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں، جس کے باعث اس کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سیاسی کشیدگی اور معاشی خدشات برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتیں مزید بلند سطح پر جا سکتی ہیں تاہم ڈالر کی مضبوطی یا عالمی مالیاتی پالیسی میں تبدیلی کی صورت میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بھی متوقع ہے۔
ماہرین نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ سونے کی خرید و فروخت سے قبل مقامی اور عالمی مارکیٹ کے تازہ رجحانات پر نظر رکھیں، کیونکہ بین الاقوامی اقتصادی حالات میں معمولی تبدیلی بھی سونے کی قیمتوں پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔