کسان مگرمچھ کو کندھے پر اُٹھا کر تھانے پہنچ گیا، دلچسپ ویڈیو وائرل
بھارت کی ریاست بہار کے ضلع سپول میں ایک کسان پانچ فٹ لمبے زندہ مگرمچھ کو اپنے کندھے پر اٹھا کر سیدھا پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جبکہ محکمہ جنگلات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جنگلی جانور نظر آنے کی صورت میں خود انہیں پکڑنے کے بجائے متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دیہاتی کھیتوں میں کام کر رہے تھے اور اچانک ان کی نظر دھان کی فصل میں چھپے ایک مگرمچھ پر پڑی جسے دیکھ کر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں دیہاتی موقع پر جمع ہو گئے۔
گاؤں والوں نے مگرمچھ کو نقصان پہنچانے کے بجائے اسے محفوظ طریقے سے پکڑنے کا فیصلہ کیا۔ دیہاتیوں کی مدد سے کسان امیت کمار نے مگرمچھ کے منہ کو رسی سے باندھ دیا تاکہ وہ کسی پر حملہ نہ کر سکے۔
جب فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کا کوئی بندہ موقع پر نہ ملا تو امیت کمار نے بنا وقت ضائع کیے تقریباً 5 فٹ لمبے مگرمچھ کو اپنے کندھے پر اٹھایا اور پیدل ہی قریبی محکمہ جنگلات کے دفتر کی جانب روانہ ہو گئے۔ تاہم وہاں بھی کوئی اہلکار موجود نہ ہونے پر وہ مگرمچھ کو کندھے پر اٹھائے پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔
راستے میں لوگ اس غیر معمولی منظر کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ کئی افراد اپنی گاڑیاں روک کر ویڈیوز بناتے رہے جو بعد میں سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئیں۔
پولیس کی اطلاع پر جنگلات کے محکمے کی ٹیم تھانے پہنچی اور مگرمچھ کو اپنی تحویل میں لے کر کوسی ندی میں محفوظ طریقے سے چھوڑ دیا۔
محکمہ جنگلات کے افسر روی رنجن نے اس واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا، ”برسات کے موسم میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کی وجہ سے جنگلی جانور اکثر آبادی اور کھیتوں کا رخ کر لیتے ہیں۔“
انہوں نے کسانوں کی اس بات پر تعریف کی کہ انہوں نے مگرمچھ کو نقصان نہیں پہنچایا، لیکن ساتھ ہی شہریوں کو خبردار کیا کہ ایسے خطرناک جانوروں کو خود پکڑنے کی کوشش نہ کریں اور فوراً متعلقہ محکمے کو اطلاع دیں۔
مون سون کے دوران دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی بڑھنے سے مگرمچھ، سانپ اور دیگر جنگلی جانور اکثر آبادیوں اور کھیتوں کا رخ کر لیتے ہیں، جس کے باعث ایسے واقعات میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ اس لیے احتیاط اور متعلقہ اداروں سے بروقت رابطہ کرنا ہی سب سے محفوظ طریقہ سمجھا جاتا ہے۔