لاہور: پولیس تحویل میں دو خواتین جاں بحق

چوری اور فراڈ کے الزام میں گرفتار خواتین کی ویمن پولیس اسٹیشن منتقلی کے دوران طبیعت بگڑ گئی، پولیس
شائع 05 اگست 2026 10:01am

لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں پولیس کی تحویل میں موجود دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین کو مبینہ چوری اور فراڈ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور اسپتال پہنچنے کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔

لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ پولیس کی تحویل میں دو خواتین کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق عوام نے انمول اور آمنہ نامی دو خواتین کو مبینہ چوری اور فراڈ کے الزام میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق خواتین کو قانونی کارروائی کے تحت ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین پہلے سے ریکارڈ یافتہ تھیں۔ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

Read Comments