مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی، تولہ کتنے کا ہوگیا؟
عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 60 ہزار 436 روپے کا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار ایک روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 94 ہزار 749 روپے کا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونے کی قیمت 35 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 380 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سات روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 36 ہزار روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد آج ہونے والی کمی سے سونے کے نرخوں میں قدرے ریلیف آیا ہے۔
دوسری جانب ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 175 روپے سستی ہوکر 6 ہزار 936 روپے کی ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 150 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 946 روپے کی سطح پر آگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی چاندی کی قیمت میں کمی ہوئی اور فی اونس چاندی 1.75 ڈالر کمی کے بعد 64.57 ڈالر پر آگئی۔
صرافہ مارکیٹ میں سونے اور چاندی کے نرخوں میں کمی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے بعد سامنے آئی ہے۔
