پیٹرولیم ڈیلرز کی دھمکی کام کرگئی، حکومت نے ڈیلرز مارجن بڑھا دیا، ہڑتال ملتوی

ای سی سی نے پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے اضافے کی منظوری دی، مجموعی مارجن 10 روپے فی لیٹر ہوگیا۔
شائع 14 اگست 2026 08:42pm

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی دھمکی کام کر گئی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مجموعی مارجن 10 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے جب کہ ڈیلرز مارجن میں اضافے کے حکومتی فیصلے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز نے کل کی ہڑتال ملتوی کردی ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن پر نظرثانی کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیا گیا اور موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی سے متعلق معاملے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اجلاس میں موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کے ڈیلرز مارجن پر تفصیلی غور کیا گیا جب کہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی سمری اجلاس میں پیش کی گئی۔

ای سی سی نے پیٹرولیم مصنوعات کے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد موٹر اسپرٹ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دی۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن 1 روپے 34 پیسے بڑھا کر مجموعی مارجن 10 روپے کر دیا ہے۔

8 فیصد اضافے کا مطالبہ کرنے والی پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 1 روپے 34 پیسے لینے کے بعد ہڑتال ملتوی کر دی ہے جب کہ ڈیلرز کے 8 فیصد مارجن کے مطالبے پر ایک مشترکہ کمیٹی بنائی گئی ہے، جو 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسو سی ایشن نعمان علی بٹ نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے وزیراعظم  اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان

اس سے قبل وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی جانب سے یقین دہانی کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل ہونے والی ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کراچی میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے حکومت کی یقین دہانیوں پر ہفتے کو ہونے والی ہڑتال ملتوی کردی ہے۔ ملک خدا بخش کے مطابق وزیر پیٹرولیم سے گزشتہ ملاقات میں ماحول اچھا نہیں رہا تھا تاہم بعد ازاں وزیر پیٹرولیم نے تقریباً آدھے گھنٹے فون پر بات کرکے منافع مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وزیراعظم سے خصوصی منظوری لے کر وزیر پیٹرولیم نے پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع مارجن ایک روپے 34 پیسے بڑھانے کا عندیہ دیا۔ ملک خدا بخش کا مزید کہنا تھا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے کہا تھا کہ حکومت نے تمام پیٹرول پمپس کو 23 مارچ 2027 تک ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے منافع مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ مہنگائی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے اصولی طور پر منافع مارجن میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے تھا۔

طارق حسن کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے نظام پر سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے۔ حکومت کے پاس ڈیلرز کے تین سالہ انفلیشن ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 50 ملین ڈالر موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے نظام کو تبدیل کرکے 7 روز تک کیا جا سکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کی سمری کے بعد ای سی سی اور کابینہ کرے گی۔

طارق حسن نے مزید کہا کہ مجوزہ اضافے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر پیٹرول مارجن بڑھ کر 10 روپے ہوجائے گا۔

Read Comments