خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک

کارروائی شورپرود کے پہاڑی سلسلے میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی۔
شائع 15 اگست 2026 08:18pm

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار کے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تین چھوٹی پارٹیوں کی صورت میں علاقے میں موجود تھے۔ کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے، جب کہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Read Comments