دنیا بھر میں نام کمانے والے بدنام کرکٹرز

شائع 20 جولائ 2017 08:06am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کرکٹ ایک ایسا کھیل جس سے کھلاڑیوں نے بڑی عزت حاصل کی ہے اس کھیل کے بارے میں ایک کہاوت بڑی مشہور ہے کہ یہ جنٹل مین کا گیم ہے۔ لیکن آج ہم آپ سے ایسے کھلاڑیوں کا ذکر کرنے جارہے ہیں جنہوں نے اس کھیل سے بڑی عزت تو حاصل کی مگر کچھ وجوہات کی بناء پر ان کو اس کھیل میں بڑی بدنامی کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے تو آئیے جانتے ہیں وہ کیا وجوہات تھیں جن کی بناء پر ان کھلاڑیوں کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔امید ہے آپ اس سے کافی لطف اندوز ہوں گے۔

کرس گیل

gayle
سب سے پہلے ہم آپ سے جس کھلاڑی کا ذکر کرنے جارہے ہیں وہ کرس گیل ہیں کرس گیل ویسے تو اپنی طوفانی بیٹنگ کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتے ہیں مگر ان کی کچھ ایسی عادات ہیں جن کی بناء پر ان کو کئی مرتبہ تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ ان کے ساتھ گذشتہ ماہ ایک لیگ کے دوران پیش آیا جب انہوں نے اسٹیڈیم میں ایک خاتون صحافی سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور ان سے میچ کے بعد ملنے کو بھی کہا جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

وقار یونس

waqar
وقار یونس پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ بالر ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں ان کو اپنی برق رفتار بولنگ کی وجہ سے بہت شہرت حاصل تھی مگر جب سے وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ بنے تھے ان کے کئی سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ تنازعے منظرِ عام پر آتے رہے کبھی ان کا جھگڑا شاہد آفریدی سے ہوجاتا ہے تو کبھی عمر اکمل اور احمد شہزاد سے حالیہ دور میں ان کو سب سے زیادہ تنقید کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب پاکستان ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں تھے۔

ہر بھجن سنگھ

bhajji
ہر بھجن سنگھ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ہیں وہ انیل کمبلے اور کپل دیو کے بعد بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر ہیں وہ اپنی زبان کی وجہ سے خاصے تنازعات کا شکار رہتے ہیں وہ کھیل کے دوران کافی کھلاڑیوں سے تلخ کلامی کر چکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کئی مرتبہ جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

سلمان بٹ

butt
سلمان بٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بدنامِ زمانہ کرکٹرز میں سے ایک ہیں ان کے اوپر بدنامی کا داغ دوہزار دس کے انگلینڈ کے ٹور پر لگا جب وہ کپتان کی حیثیت سے پاکستان کے لئے کھیل رہے تھے اور میچ فکسنگ میں ملوث پائے گئے۔ ان کو اس کی سزا کے طور پر پانچ سال کرکٹ سے دور رکھا گیا اور انگلینڈ میں جیل کی ہوا بھی کھلائی گئی۔

اینڈریو سائیمنڈ

symonds
اینڈریو سائیمنڈ ایک آسٹریلوی آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے کرکٹ کھیل کر پوری دنیا میں شہرت حاصل کی مگر ان کو شراب پینے کی عادت اور دیگر کچھ عادات کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم سے باہر نکال دیا گیا۔ وہ ظابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی کئی دفعہ جرمانے کا سامنا کر چکے ہیں۔

محمد آصف

asif
محمد آصف پاکستان کے میکگرا کے نام سے جانے جاتے ہیں مگر وہ اپنے کریئر میں اتنے تنازعات کا شکار رہے ہیں کہ وہ بدنام کرکٹرز کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں ان کے کچھ کارنامے مندرجہ ذیل ہیں۔وینا ملک کے ساتھ تعلقات،دوہزار دس میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث اور دبئی میں ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ وہ بھی کئی مرتبہ جیل کی ہوا کھا چکے ہیں۔

سری سانتھ سنگھ

sree
سری سانتھ نے بھارت کی جانب سے بہت کم کرکٹ کھیلی مگر وہ اس میں بھی بہت سے تنازعات کا شکار رہے ہیں وہ مختلف لیجنڈ کھلاڑیوں کو وکٹ پر الٹے سیدھے اشارے کرتے ہوئے کافی بدنامی کا شکار ہوئے ہیں اس کے علاوہ وہ بدتمیزی کرنے پر اپنے ہی ٹیم میٹ ہر بھجن سنگھ سے تھپڑ بھی کھا چکے ہیں۔ وہ آئی پی ایل میں بھی فکسنگ میں ملوث رہے ہیں جس کی وجہ سے ان پر لائف ٹائم بین لگ چکا ہے۔

محمد عامر

aamir
محمد عامر دوہزار نو میں پاکستان کرکٹ میں ایک ابھرتے ہوئے ستارے کی طرح دنیا کے سامنے آئے انہوں نے اپنے مختصر سے کریئر میں پاکستان کے لئے کئی شاندار کارنامے انجام دیئے۔ مگر بدقسمتی سے یہ ابھرتا ہوا کرکٹر دو ہزار دس میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پایا گیا جس کی وجہ سے پانچ سالہ پابندی کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی جیل میں قید کی سزا بھی کاٹی جس کے بعد اب دوبارہ پاکستانی ٹیم میں واپسی ہوچکی ہے مگر وہ اپنے کریئر پر فکسنگ کا داغ بھی لگا بیٹھے ہیں۔

گوتم گمبھیر

gambhir
گوتم گمبھیر بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ہیں مگر فی الحال وہ اپنی خراب کارکردگی کی وجہ سے بھارتی ٹیم سے باہر ہیں وہ اپنے کریئر میں کئی کھلاڑیوں سے بلا وجہ الجھتے رہے ہیں اور کئی مرتبہ تو یہ الجھنا جھگڑے کی سی صورت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث امپائروں اوردیگر کھلاڑیوں کو بیچ بچاؤ کے لئے آنا پڑا ہے۔ وہ اپنے انہی جھگڑوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنتے رہے ہیں۔

عمر اکمل

Akmal
عمر اکمل کے بارے میں یہ کہا جا تا ہے کہ ان میں بھر پور ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بننے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں مگر عمر اکمل کو پاکستان کا بگڑا منڈا کہا جائے تو یہ بھی غلط نہ ہوگا کیونکہ وہ بھی آئے دن مختلف تنازعات میں گھرے رہتے ہیں کبھی وہ کسی ڈانس پارٹی میں پائے جاتے ہیں تو کبھی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ان کا حالیہ تنازعہ ماڈل ریچل کان کے ساتھ سامنے آیا تھا جس میں ماڈل نے الزام لگایا تھا کہ عمر اکمل نے مجھ سے بد تمیزی کی اور میں نے اس کے بدلے میں انہیں تھپڑ بھی مارا۔