Live
Azadi march Nov 15 2022

نواز شریف نئے آرمی چیف سے مجھے نااہل کروائے گا، عمران خان

امریکی ہمیں ڈیفالٹ سے نکالنے کیلئے ہمارے قومی سلامتی کے سب سے بڑے اثاثے کے پیچھے جائیں گے
اپ ڈیٹ 15 نومبر 2022 07:23pm
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب/ سوشل میڈیا
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — اسکرین گریب/ سوشل میڈیا

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ قائد ن لیگ نواز شریف نئے آرمی چیف کو تعینات کرکے ان سے مجھے نا اہل کروائیں گے۔

سرائے عالمگیر میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان اب قرضوں کی اقساط ادا نہیں کر سکتا، پہلے پاکستان کا ڈیفالٹ ریٹ 5 فیصد تھا جو اب 64 فیصد سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کمزور ہوتی جارہی ہے، بیرون ملک سےکوئی سرمایہ کاری کو تیار نہیں، لوگ اس سے ڈریں گے، سرمایہ کاروں کو ڈر ہے پاکستان ڈیفالٹ نہ ہوجائے، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے روپے کی قدر مزید گرے گی۔

اسٹیبلشمنٹ اور ہینڈلرز کو سمجھایا تھا یہ ملک نہیں سمبھال پائیں گے

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سازش کے ذریعے چوروں کو ملک پر مسلط کیا گیا، 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی 7 ماہ میں بڑھی ہے، سرمایہ کاری، برآمدات، محصولات، زر مبادلہ میں کمی آئی۔

عمران خان نے کہا کہ 6 مہینے پہلے قوم کو بتا دیا تھا کہ گزشتہ 30 سال یہ دونوں خاندان حکومتیں کرتے رہے جن کی وجہ سے بھارت اور بنگلادیش بھی ہم سے آگے نکل گئے، جب مجھے نکالا جا رہا تھا میں نے اسٹیبلشمنٹ اور ہینڈلرز کو سمجھایا تھا یہ ملک نہیں سمبھال پائیں گے۔

ہمیں بیل آؤٹ کرنے کیلئے امریکا ہم سے بھاری قیمت مانگے گا

سابق وزہراعظم نے کہا کہ اس وقت میں نے کہا تھا جب ہم ڈیفالٹ ہوجائیں گے تو پاکستان کو کون بیل آؤٹ کرے گا، ہمیں بیل آؤٹ کرنے کے لئے امریکا ہم سے بھاری قیمت مانگے گا، امریکی ہمیں ڈیفالٹ سے نکالنے کے لئے ہمارے قومی سلامتی کے سب سے بڑے اثاثے کے پیچھے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سرکاری خرچے پر بطور وزیراعظم 23 لندن کے نجی دورے، زرداری نے 50 سے زائد دبئی کے نجی دورے کئے جب کہ میں دعوت کے باوجود ایک بار بھی لندن نہیں گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ انہیں خطرہ ہوتا ہے کہ بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں اور ڈیل کرکے وطن واپس آجاتے ہیں، یہ ملک کے معاشی مسائل حل نہیں کرسکتے، البتہ ہم نے دیوالیہ ہونے والے پاکستان کو سنبھال کر دکھایا تھا۔

عمران خان نے چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس تین بڑے کیسز ہیں، ارشد شریف، اعظم سواتی اور تیسرا میرا کیس ہے، صحافی ارشد شریف کو دھمکیاں دے کر ملک سے بھگایا گیا اور اسے باہر قتل کردیا گیا جب کہ سینیٹر اعظم سواتی کو صرف ایک تنقید کی ٹویٹ کرنے پر ان کے پوتے پوتیوں کے سامنے تشدد کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک سابق وزیراعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ پر حملے کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی، پنجاب پولیس ہمارے نیچے ہونے کے باوجود بھی مجھ پر حملے کی ایف آئی آر درج نہیں کر سکی، یہ میرا بنیادی حق تھا کہ میری مرضی کے نام ایف آئی آر میں ڈالے جائیں لیکن پولیس کہتی ہے یہ تین بہت طاقتور لوگ ہیں۔

نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے باہر اہم فیصلے ہو رہے ہیں، نواز شریف کبھی میرٹ پر نہیں کھیلے، انہیں میرٹ کا مطلب نہیں معلوم جب کہ وہ اپنی مرضی کا آرمی چیف تعینات کرکے مجھے نا اہل کروائیں گے۔

اس کے علاوہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ جب ملک کا رسک فیکٹر 64 فیصد سے تجاوز کر جائے تو وہ ملک معاشی طور پر تباہ ہوجاتا ہے جسے دوسرا ملک قرضہ فراہم نہیں کرتا۔

عمران خان نے کہا کہ جلد راولپنڈی میں مارچ کو جوائن کروں گا، ہمارے حقیقی آزادی مارچ کا مقصد ملک کو آزاد کرانا ہے اور اگر پاکستان میں انصاف ہوتا تو یہ سب لوگ آج جیلوں میں ہوتے۔

زمان پارک میں پی ٹی آئی کا اجلاس، حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی تیار

اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔۔۔
شائع 15 نومبر 2022 05:31pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں حکومت پر مزید عوامی دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔

لاہور کے علاقے زمان پارک میں واقع عرمران خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ، مونس الہٰی، راجہ بشارت اور مصدق عباسی شریک ہوئے۔

اجلاس میں انتخابات، اعظم سواتی پر تشدد، ارشد شریف قتل کا معاملہ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا، ساتھ ہی سائفر کے معاملے کو بھی مزید شدت سے آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی حلقوں میں پارٹی کا بیانیہ گھر گھر پہنچائیں گے اور مہنگائی، ناکام معاشی پالیسیوں کو بھی اجاگر کریں گے۔

حکومت مخالف تحریک کو یونین کونسل سطح پر لے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کیلئے پنجاب کی یوسیز کو ٹاسک دئیےجائیں گے۔

پی ٹی آئی مارچ سرائے عالمگیر پہنچ گیا، سکیورٹی کیلئے 5 ہزار اہلکار تعینات

انتظامیہ نے حقیقی آزادی مارچ کے لئے شہر کے تمام بازار بند کرادیا
شائع 15 نومبر 2022 05:25pm
پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ سرقائے عالمگیر پہنچ گیا ہے۔ فوٹو — اسکرین گیرب
پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ سرقائے عالمگیر پہنچ گیا ہے۔ فوٹو — اسکرین گیرب

سرائے عالمگیر: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی کامیابی کے لئے پولیس ورکرز سے بھی ایک قدم آگے نکل گئی۔

انتظامیہ نے حقیقی آزادی مارچ کے لئے شہر کے تمام بازار بند جب کہ ٹریفک کے لئے متبادل راستہ بھی فراہم کردیا۔

عمران خان حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے ویڈیو کے لنک کے ذریعے شام ساڑھے 7 بجے خطاب کریں گے جس کے لئے پنڈال میں بڑی اسکرین بھی نصب کردی گئی ہے۔

دوسری جانب سرائے عالمگیر مارچ کے شرکاء کا لہو گرمانے کے لئے ایس ایچ او پولیس ڈھولچی لے کر پنڈال پہنچے، ڈھول ٹیم لانے والے ایس ایچ او کے سر پر شرکاء نے 100 اور ہزار ہزار نوٹوں کی برسات کر ڈالی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آءی نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں گجرات سے روانہ ہوا جو سرائے عالمگیر پہنچ چکا ہے۔

عمران خان پنجاب کے خزانے پر بوجھ، زمان پارک کی سیکیورٹی کا خرچہ ماہانہ 10 کروڑ

سوا دو لاکھ سے زائد شہریوں کی حفاظت کی ذمہ دار پولیس صرف زمان پارک پر تعینات ہے۔
شائع 15 نومبر 2022 04:55pm
علامتی تصویر بزریعہ اے ایف پی
علامتی تصویر بزریعہ اے ایف پی

عمران خان پنجاب کے خزانے پر بوجھ بننے لگے، زمان پارک کی سیکیورٹی کے نام پر پنجاب حکومت ماہانہ دس کروڑ روپے سے زائد کا خرچ برداشت کرے گی۔

زمان پارک پر تعینات 516 اہلکاروں کی ڈیوٹی بھی 12 گھنٹے کر دی گئی ہے۔

سوا دو لاکھ سے زائد شہریوں کی حفاظت کی ذمہ دار پولیس صرف زمان پارک پر تعینات ہے۔

پولیس پاپولیشن ریشو کے مطابق ایک اہلکار 450 شہریوں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔

زمان پارک میں کنٹرول روم بھی تیار کیا گیا ہے۔

ریسکیو، سول ڈیفینس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی 24 گھنٹے رہے گی۔

حکومتی خرچے پر زمان پارک میں بم پروف دیوار کی تعمیر بھی کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا پولیس کے 40 کمانڈوز بھی کلوز سرکل میں تعینات کئے گئے ہیں ، جن کیلئے سے واش روم اور کھانے کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں۔

ارشد شریف قتل کیس: ایف آئی اے نے فیصل واوڈا اور مراد سعید کو ثبوت کے ساتھ طلب کرلیا

فیصل واوڈا اور مراد سعید نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ارشد شریف کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے.
شائع 15 نومبر 2022 04:51pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے معطل رہنما فیصل واوڈا اور موجودہ رہنما مراد سعید کو طلب کرلیا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا اور مراد سعید نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ارشد شریف کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کو شواہد کے ساتھ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر آنے کے لیے نوٹس بھیجے گئے ہیں۔

مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ ارشد شریف قتل کیس کے ثبوت تین مختلف مقامات پر رکھے ہیں، اگر مجھے راستے سے ہٹایا گیا تو بھی یہ ثبوت کسی اور طرح سے سامنے آئیں گے، ارشد شریف کی والدہ کے مطالبے پر کمیشن بنے گا تو ثبوت سامنے رکھوں گا۔

جبکہ فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ ارشد شریف کا قتل ہوا ہے جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، یہ حادثہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا اور پاکستان واپس آنا چاہتا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کروانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھہ کہا تھا کہارشد شریف کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون نہیں ملے گا کیونکہ سب شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔

ہم زخموں پرنمک چھڑکنا بخوبی جانتے ہیں

عمران خان کے زخموں پرماہرانہ تبصروں نے ملالہ کی یاد دلادی
شائع 15 نومبر 2022 04:07pm

پاکستانی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرکل سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے زخموں کی تصاویروائرل ہیں جوانہیں 3 نومبروزیرآباد میں حقیقی آزادی مارچ کے دوران کنٹینرپرفائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے آئے تھے۔

گزشتہ روز عمران خان کا پلاسٹر اتارتے ہوئے بنائی جانے والی ویڈیو سامنے آئی جس میں ان کی دائیں ٹانگ کے اوپری حصے میں 2 اورٹانگ کے نچلے حصے میں ایک زخم نمایاں ہے۔

ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ایسی صورت حال میں تبصرہ کرنےوالے چیئرمین پی ٹی آئی کی صحتیابی کی دُعاکرتے لیکن پاکستانی قوم کا سب سے محبوب مشغلہ ہی شاید دوسروں کے زخموں پرنمک چھڑکنا بن چکا ہے جس کا اندازہ سوشل میڈیا پرایک دوسرے کے مخالفین کے لیے انتہائی نامناسب زبان وبیان سے بخوبی ہوتا ہے۔

اور یہ کسی ایک کا حال نہیں، اجتماعی سے لے کرانفرادی سطح تک بڑی تعداد ’سیاسی وجذباتی وابستگیوں‘ کے ہاتھوں اتنی بری طرح سے مجبور ہے کہ کیا کہنے۔ سواس باربھی یہی کچھ دیکھنے میں آیا اور نشانہ ٹھہرے عمران خان جن کے زخموں کی وہ وہ تشریح دیکھنے میں آئی کہ الامان الحفیظ ۔

جہاں ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والوں نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے باورکروایا کہ آپ تو کہتے تھے ڈرامہ ہے، اب یہ زخم دیکھ لیں تو وہیں دوسری جانب سے بھی ایک بار پر بھرپورقیاس آرائیاں دیکھنے میں آئیں۔

ماہرین ’زخمیات‘ نے عمران خان کو 3 یا 4 گولیاں لگنے کے زخموں کو ’ادھیڑتے‘ ہوئے ایسی ایسی پس پردہ وجوہات پرروشنی ڈالی کہ دیکھنے ، سننے اورپڑھنے والے بھی خود کو کسی ماہرسرجن، فارنزک ایکسپرٹ اور پروستھیٹک میک اپ آرٹسٹ سے کم نہیں سمجھیں گے۔

ان کے تحفظات پر ایک نظرڈالیں۔

جواب میں صارفین کا تجزیہ دیکھ لیجئے۔

عمران خان کو لگنے والی چوتھی گولی پر بھی بھرپور تشویش دیکھنے میں آئی۔

انہیں بھی یہ زخم نقلی ہی لگ رہے ہیں۔

اس بحث میں کئی ڈاکٹرصاحبان نے بھی حصہ لیا جن سےاپنے شعبے کی ایسی کھنچائی ہضم نہیں ہوئی تو وہ دلیل سے قائل کرنے آگئے۔

عمران خان کے حوالے سے کی جانے والی ٹویٹس دیکھ کر ذہن میں ملالہ یوسفزئی کا خیال بھی اتا ہے جنہیں 2012 میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے آواز اٹھانے پرسوات میں اسکول سے واپس آتے ہوئے طالبان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بعد میں ملالہ کوبہترعلاج معالجے کیلئے برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا جہاں کافی عرصے ان کا علاج جاری رہا۔

غیرملکیوں نے ملالہ کی بھرپورقدرکی لیکن پاکستان میں ناقدین نے ان کے سرپرلگنے والی گولی کوبھی ڈرامہ قراردیا تھا۔

ایسی ہی صورتحال سامنا صحافی حامد میرکو بھی کرنا پڑاتھا جب کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد سوشل میڈیا پربجائے اظہار ہمدردی کے انہیں بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

’پاکستان کو کسی دوسرے کی جنگ کیلئے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا‘

کہتے ہیں ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، لیکن لانگ مارچ کو روکنے کے لئے کروڑوں روپے موجود ہیں، اسد عمر
شائع 15 نومبر 2022 03:59pm
تصویر: ٹوئٹر/پی ٹی آئی
تصویر: ٹوئٹر/پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کسی دوسرے کی جنگ کیلئے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

چنیوٹ میں مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ لوگ اپنی حرام کی دولت کو محفوظ کرنے کے لیے لگے ہوئے ہیں، انہیں عوام کی فکر نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 75 سال سے یہ کہا جارہا ہے کہ پاکستان بہت کمزور ملک ہے یہ تاثر غلط ہے، بدقسمتی سے اس ملک پر جو لوگ مسلط کئے گئے ہیں وہ لوگ کمزور ہیں، جو حرام کی دولت کماتے ہیں اور بیرون ممالک میں رکھتے ہیں اس لیے یہ بیرونی طاقتوں کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، آئی ایم ایف نے شرائط لاگو کی ہیں۔ لیکن ان کے پاس اسلام آباد میں لانگ مارچ کو روکنے کے لئے کروڑوں روپے موجود ہیں کیونکہ یہ ڈرتے ہیں اور انہی پیسوں سے یہ عوام پر تشدد کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلے ہمیں ڈراتے رہے کہ جیلوں میں ڈال دیں گے جس پر کپتان نے کہا تھا کہ ہم جیل جانے سے نہیں ڈرتے ہیں اور جب ان کی یہ ترکیب کام نہیں آئی تو انہوں نے عمران خان کو قتل کرنے کا سازشی منصوبہ بنایا اور وہ بھی ناکام ہوا، لیکن عمران خان آج بھی گولیاں کھانے کے باوجود کھڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ محنت کش زمیندار ہیں جو اس ملک کی عوام کے لئے کھانا تیار کرتے ہیں، لیکن ان سات مہینوں میں اس حکومت نے ان محنت کشوں کے حالات خراب کردیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا پورا ٹبر چور ہے، گندم کی قیمت جو ایک کسان کو ملتی ہے اس میں ن لیگ کے 5 سالہ دور حکومت میں صرف 100 روپے فی من اضافہ ہوا تھا اور کپتان کی حکومت میں 900 روپے من کا اضافہ ہوا تھا جس سے کسان خوشحال ہوا اور سب سے زیادہ گندم، گنے اور مکئی کی پیداوار ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کے دور میں 4 بڑی فصلوں کے نئے ریکارڈ ملے تھے کیونکہ ہماری بنائی گئی پالیسیوں سے کسان کو اس کا جائز حق مل رہا تھا اور آج کسان برے معاشی حالات کا شکار ہے۔

’شریف خاندان کا کورونا بہت سیاسی ہے‘

'اہم فیصلوں کو لٹکانے کے لیے ایک اور سیاسی قرنطینہ ہوگیا'
شائع 15 نومبر 2022 03:23pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے طنزیہ ٹوئٹ داغ دیا۔

مسرت جمشید چیمہ نے لکھا کہ ”اللہ صحت دے لیکن اس خاندان کا کورونا بہت سیاسی ہے، جب بھی مریم نے سائلنٹ موڈ میں جانا ہو تو کورونا ہو جاتا ہے۔“

انہوں نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ٹوئٹ کے جواب میں مزید لکھا کہ ”اب اہم فیصلوں کو لٹکانے کے لیے ایک اور سیاسی قرنطینہ ہوگیا۔“

خیال رہے کہ لندن سے وطن واپسی کے بعد سے ہی وزیراعظم کی طبیعت ناساز تھی، انہوں نے پاکستان واپس آنے کے بعد اپنی سرگرمیاں محدود رکھیں، جب ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تو وہ مثبت آیا۔

شہباز شریف لندن میں آرمی چیف کی تعیناتی اور ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت کیلئے اپنے بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے پاس پہنچے تھے۔

وطن واپسی پر وزیر اعظم کی جانب سے اتحادیوں کا اجلاس بلانے کا امکان تھا، تاکہ نئے آرمی چیف کی تقرری اور پی ٹی آئی لانگ مارچ سمیت دیگر اہم معاملات پر نواز شریف کے ساتھ ہونے والی مشاورت پر انہیں اعتماد میں لیا جا سکے۔

عمران خان کے بیٹے زمان پارک سے لاہورائرپورٹ کے لئے روانہ

والد کے ساتھ وقت گزار کر بہت اچھا لگا، قاسم
اپ ڈیٹ 15 نومبر 2022 02:13pm
پی ٹی آئی چیئرمین اپنے بیٹوں کے ساتھ موجود ہیں، فوٹو (فیسبک، فائل)
پی ٹی آئی چیئرمین اپنے بیٹوں کے ساتھ موجود ہیں، فوٹو (فیسبک، فائل)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے بیٹے والد کی رہائشگاہ زمان پارک سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ روانہ ہوگئے۔

قاسم اور سلیمان پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے دوران فائرنگ سے زخمی والد کی عیادت کیلئے لندن سے لاہور پہنچے تھے۔

دونوں کی ائرپورٹ روانگی سے قبل زمان پارک کے باہرمیں سیکیورٹی کی خصوصی گاڑیاں موجود تھیں۔

سلیمان اور قاسم غیر ملکی ائر لائن کی پرواز سے لندن روانہ ہوں گے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق قاسم نے کہا کہ اپنے والد کے ساتھ وقت گزار کر بہت اچھا لگا۔

سلیمان کا کہنا تھا کہ اللہ ہمارے والد کی حفاظت کرے اور پاکستان میں امن وسکون اور خوشحالی ہو۔

حقیقی آزادی مارچ آج گجرات سے روانہ ہوگا

امپورٹڈ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، مسرت چیمہ
اپ ڈیٹ 15 نومبر 2022 10:02am

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حقیقی آزادی مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ قافلہ آج گجرات سے روانہ ہوگا

اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمیشد چیمہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ کا قافلہ گجرات سے دوپہر 1 بجے روانہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کا پہلا پڑاؤ موسیٰ ہاؤس نزد گرینڈ سٹی جی ٹی روڈ سرائے عالمگیر میں 2 بجے ہوگا جس کی میزبانی موسیٰ الٰہی کریں گے، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی مارچ سے 2 بج کر 30 منٹ پر خطاب کریں گے۔

مسرت جمشید کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ساڑھے 4 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے، حقیقی آزادی مارچ کے ہر پڑاؤ پرعوام چیئرمین عمران خان کی کال پر لبیک کہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ظلم اور جبر کی اندھیر رات ختم کرنے کیلئے عوام عمران خان کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں، امپورٹ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے جو کہ کسی بھی وقت رخصت ہوسکتی ہے۔

مسرت جمشید چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ آزادی مارچ کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر امپورٹڈ حکمرانوں کی ڈگمگاتی کشتی بہا لے جائے گا، جوں جوں لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف بڑھتا جا رہا ہے عوام کا جوش و خروش بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

عمران خان پرقاتلانہ حملے میں جاں بحق معظم کودور سے گولی لگی

گولی ممکنہ طور پربڑی گن کی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی
اپ ڈیٹ 15 نومبر 2022 11:56am
معظم گوندل۔ فائل فوٹو
معظم گوندل۔ فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران وزیرآباد میں عمران خان کے کنٹینرپرفائرنگ کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق کارکن معظم گوندل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق معظم گوندل کو دائیں جانب سے کان کے اوپرسر میں گولی لگی جو پیشانی کے درمیان سے باہر نکل گئی۔

کہا جارہا ہے کہ معظم کو لگنے والی گولی دور سے لگی محسوس ہوتی ہے، خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ معظم کو لگنے والی گولی ملزم نوید کی نہیں ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق معظم کو لگنے والی گولی پستول کی نہیں بلکہ کسی بڑی گن کی لگتی ہے تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حتمی رائے پوسٹ مارٹم کرنے والے میڈیکل آفیسر ہی دے سکتے ہیں۔

اسپتال انتظامیہ نے اس حوالے سے آن کیمرہ موقف دینے سے انکارکیا ہے۔

عینی شاہدین کا کیا کہنا تھا

حملے کے بعد عینی شاہد افضال احمد نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ معظم کو سیکورٹی اہلکاروں کی گولیاں لگیں۔

اس وقت عینی شاہد کا کہنا تھا جب سیکورٹی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی تونتیجے میں پراپرٹی کی دکان کے باہر بیٹھا شخص معظم جاں بحق ہوگیا تاہم بعد میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ معظم بھی ابتسام کے ساتھ حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کر رہا تھا اوراس دوران گولی لگنے پر وہ گر گیا۔

اس ویڈیو کی بنیاد پر خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ معظم کو حملہ آور نوید کی پستول سے گولی لگی۔ لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ نے نئے سوالات پیدا کر دیئے ہیں۔

معظم گوندل کویت سے چھٹیاں گزارنے آیا تھا، حملے کے بعد مارچ میں جانے والے معظم کے تین بچے اس کی لاش کے قریب بیٹھے پائے گئے تھے۔

ایک اورعینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ لوگ عمران خان کو کنٹینر پرگزرتے دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے تھے، ابھی پانچ منٹ ہی گزرتے تھے کہ فائرنگ کی آواز آئی اور ہل چل مچ گئی۔ ”پولیس پہنچ گئی یا فائرنگ ہونے لگی۔ ہم تو یہاں پر گرے ہوئے تھے، پھر دیکھا کہ ہمارا دوست شہید ہوگیا، اس کے ماتھے پر برسٹ لگا۔“