Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  
Live
politics april 26 2023

پارلیمنٹ سپریم، الیکشن اکتوبر میں ہوں گے، وزیراعظم

پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، اتحادی جماعتوں کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 04:06pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں ایک ساتھ انتخابات پر متفق ہیں، الیکشن کے لئے اکتوبر یا نومبر کی تاریخ بنتی ہے، اکتوبر میں مدت پوری ہوگی، اس کے بعد ہی الیکشن ہوں گے، الیکشن کے لئے فنڈز کا معاملہ پارلیمان ہی حل کرے گی۔

اسلام آباد میں اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمان بعض عدالتی امور پر پہلے ہی فیصلے دے چکی ہے، صورتحال ابھی بھی چیلنجنگ ہے، ہم 4/3 کا فیصلہ مانتے ہیں، 3/2 کا نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمان کو 3 رکنی بینچ پر تحفظات ہیں، یہ معاملہ بھی پارلیمان کے سامنے دوبارہ لایا جائے گا، سپریم کورٹ اسی بینچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے، سپریم کورٹ کا کام قانون اور آئین کے مطابق فیصلہ دینا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات ایک ہی دن ہونا چاہیئے، اتحادی جماعتیں ایک ساتھ انتخابات پر متفق ہیں، اکتوبر میں مدت پوری ہوگی اس کے بعد ہی الیکشن ہوں گے، الیکشن کے لئے فنڈز کا معاملہ پارلیمان ہی حل کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے خارجی معاملات کو نقصان پہنچایا گیا، ہم نے معاملات درست کرنے کے لئے بہت زور لگایا، اب میں کہتا ہوں کہ خارجی معاملات تسلی بخش ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے معاشرے میں تقسیم در تقسیم کی، ملک میں انتشار پھیلانے کے لئے ہر کوشش کی گئی، ہمیں گفتگو کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہیئے۔

پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، اتحادی جماعتوں کا فیصلہ

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں انتخابات ایک ہی روزکرائے جائیں، مذاکرات کا مناسب فورم صرف منتخب پارلیمنٹ ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، تمام اتحادی جماعتیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہیں

وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم رہنماؤں کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان ، سابق صدر آصف علی زرداری، قمر زمان کائرہ، خالد مگسی ، سردار ایاز صادق، خالد مقبول صدیقی، طارق بشیر چیمہ ، آغا حسن بلوچ، سالک چوہدری ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ، دیگر اتحادی رہنما ، وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل آف پاکستان نے شرکت کی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

وزیرقانون اور اٹارنی جنرل سمیت حکومتی قانونی ٹیم نے عدالتی فیصلوں اور قانون سازی کے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس کے شرکاء کو انتخابات کے انعقاد اور سیاسی قوتوں کے ساتھ مذاکراتی عمل سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اتحادی جماعتیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہیں، پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، بھرپور آئینی و قانونی مزاحمت کی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھرمیں انتخابات ایک ہی روز کرائے جائیں اور مذاکرات کے لئے مناسب فورم صرف منتخب پارلیمنٹ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مؤقف اپنایا کہ ثالثی کا حق صرف منتخب پارلیمنٹ کو حاصل ہے، مذاکرات کے حوالے سے حتمی جواب پارٹی شوری اجلاس کے بعد دیا جائے گا۔

حکومتی اتحادیوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ بھرپور طریقے سے حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، پارلیمٹ کے فورم پر کیے گئے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بعدازاں اجلاس ختم ہونے کے بعد سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی جانب سے آج شام 7 بجے تمام اتحادی جماعتوں کے ارکان کے اعزاز میں عید ملن عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے

وزرائے دفاع کا اجلاس 27 اور 28 کو بھارتی شہر نئی دہلی میں ہوگا
شائع 26 اپريل 2023 01:00pm

وزیر دفاع خواجہ آصف شنگھائی تعاون تنظیم کے 27 اور 28 اپریل کو شیڈول اجلاس میں ورچوئل شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کا اجلاس بھارت میں منعقد ہورہا ہے، اجلاس 27 اور 28 کو بھارتی شہر نئی دہلی میں ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں پاکستان ورچوئل شرکت کرے گا، اور پاکستانی وفد کی نمائندگی خواجہ آصف ورچوئلی کریں گے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی 4 اور 5 مئی کو گوا میں ہوگا۔ جس میں پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھارتی ہم منصب جے شنکر کی دعوت پر بھارت جائیں گے۔

ترجمان دفترخارجہ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ نے بلاول بھٹو کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔

’’ایس سی او‘‘ سیاسی اور سلامتی تعاون کے لیے 8 رکنی سیاسی بلاک ہے جس کے ارکان میں روس، چین، بھارت، پاکستان ، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

عمران خان کی مقدمہ اخراج کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کیا
شائع 26 اپريل 2023 12:48pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مقدمہ اخراج کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔

مزید پڑھیں: بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مدعی مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، مدعی مقدمہ اور پولیس کو نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت تک جواب دیں۔

رجسٹرار آفس نے کیس 11 مئی کو آئندہ سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق دوران سماعت عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ یہ وقوعہ لاہور کا ہے، یہاں مقدمہ درج نہیں ہوسکتا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے خلاف مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم

اسلام آباد ہائیکورٹ کے کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وکیل کے مطابق مقدمے میں لگائے گئے الزامات جرم کے زمرے میں نہیں آتے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مجسٹریٹ کی مدعیت میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

عمران خان نے اس مقدمے میں لاہور ہائیکورٹ سے آج تک حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کو چیلنج کردیا گیا

مقامی وکیل شاہد رانا نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی
شائع 26 اپريل 2023 12:28pm
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری چیلنج کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ’سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل‘ قانون بن گیا، نوٹیفکیشن جاری

مقامی وکیل شاہد رانا نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں بینچز کی تشکیل چیف جسٹس کا انتظامی اختیار ہے، ازد خود نوٹسز میں اپیل کا حق آئین میں ترمیم کے بغیر ممکن نہیں ہے، موجودہ ایکٹ سپریم کورٹ کے اختیارات پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر عملدرآمد روک دیا

وکیل رانا شاہد نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 کو کالعدم قرار دے۔

نواز شریف نے سعودی عرب کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا لیا؟

قائد مسلم لیگ (ن) سے سعودی عرب میں مقیم پارٹی عہدیداروں کی ملاقات
شائع 26 اپريل 2023 12:18pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

سعودی عرب میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے سعودی عرب میں مقیم پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی ہے، جس مرکزی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی شریک تھے۔

مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے مرکزی سیکرٹری جنرل ملک منظور حسین اعوان کی زیر صدارت مسلم لیگ ن اور بزنس کمیونٹی کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں کوآرڈینیٹر مرزا محمد الطاف، سینئر نائب صدر رانا خالد اکرم، سرپرست رانا محمد اشرف، مسعود احمد پوری، راجہ کمال، راجہ اکرم، سینئر نائب چوہدری وحید، یوتھ ونگ کے صدر حافظ امان اللٰہ، صدر طائف راجہ ظفر اور کثیر تعداد میں عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں سیاسی اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی جس میں کیا گیا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور اسی عزم کے ساتھ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف خان پور میں درج مقدمہ خارج

جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے مین علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت پر پولیس کو نوٹس جاری
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کے خلاف خان پور میں درج مقدمہ خارج کردیا گیا۔

سابق وفاقی علی امین گنڈا پور ریاست کے خلاف بیان دینے کے خلاف مقدمے میں شکار پور کی عدالت میں پیش ہوئے۔

علی امین گنڈا پور کو 6 روزہ ریمانڈ ختم ہونے پر شکارپور کی سینٹرل جیل سے اسپیشل سول جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ خان پور میں علی امین گنڈار پور کے خلاف ریاست کے خلاف بیان دینے کا مقدمہ درج تھا۔

متنازعہ ٹویٹ: علی امین گنڈا پور کیخلاف ایک اور مقدمہ درج

دوسری جانب متنازعہ ٹویٹ کرنے پر پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کے خلاف ٹوئٹر پر انتشار پھیلانے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ شہری پردیپ کمار کی مدعیت میں 4 دن قبل درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق علی امین گنڈاپور نے بذریعہ ٹوئٹ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی، علی امین گنڈاپور نے ٹوئٹ میں معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کے لیے مٹھی پولیس شکارپورپہنچ گئی ہے۔

جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ: علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت پر پولیس کو نوٹس جاری

ادھر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں رہائی کے لئے درخواست ضمانت پر پولیس کو نوٹس جاری کرکے 27 اپریل کو رپورٹ طلب کرلی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے علی امین گنڈا پور کی رہائی کے لئے درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔

علی امین گنڈا پور کے وکیل نصیر الدین نئیر ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے بے بنیاد مقدمے میں نامزد کیا، زمان پارک جلاؤ گھیراؤ کے وقت علی امین لاہور میں موجود ہی نہیں تھے۔

وکیل کے مطابق تھانہ ریس کورس پولیس نے گرفتار افراد کے بیانات کی روشنی میں تحریک انصاف کے رہنما کو نامزد کردیا۔

وکیل نے نشاندہی کی کہ علی امین گنڈا پور سے کوئی برآمدگی نہیں ہونی ہے، اس لئے ان کی درخواست ضمانت منظور کرکے انہیں ریا کرنے کا حکم دیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 اپریل کو رپورٹ طلب کرلی۔

علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔

جے یو آئی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم ہنگامی اجلاس آج ہوگا

اجلاس 3 سے 4 دن جاری رہ سکتا ہے، اسلم غوری
شائع 26 اپريل 2023 10:59am
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (‎جے یو آئی) مرکزی مجلس عاملہ کا اہم ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے بتایا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر قیادت عید کی چھٹیوں کے بعد اسلام آباد پہنچ گئی، ‎اجلاس 3 سے 4 دن جاری رہ سکتا ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص عدالتی سطح پر پیدا کردہ بحران کے عوامل پر تفصیلی غور وخوض ہوگا۔

اسلم غوری نے بتایا کہ ‎اجلاس میں موجودہ حالات کے حوالے سے مضبوط جماعتی موقف کا تعین ہو‎گا اور خیبر پختونخواہ بشمول فاٹا مرجر ایریا سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‎اجلاس میں آئندہ قومی و صوبائی اسمبلیوں ‎کے انتخابات پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ‎اجلاس میں مفتی عبد الشکور صاحب کو خراج عقیدت اور ان کی شہادت کے واقعہ کا جائزہ لیا جائے گا۔

صدر عارف علوی حکومت کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں، شیخ رشید

جوحکومت منی بل منظورنہیں کرا سکی وہ ختم ہوچکی، سابق وفاقی وزیر
شائع 26 اپريل 2023 10:41am

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو حکومت منی بل منظور نہیں کراسکی وہ حکومت ختم ہوچکی، صدر عارف علوی حکومت کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل کا دن اہم اور تاریخی ہوگا، عدلیہ آئین اورقانون کی فتح ہوگی جو بھی عدلیہ سے ٹکرائے گا پاش پاش ہوجائے گا، وزیراعظم نے الیکشن فنڈ جاری نہ کرکے آئین شکنی کی وہ سیاسی قربانی کا بہانہ تلاش کر رہے ہیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ جو حکومت منی بل منظور نہیں کراسکی وہ ختم ہوچکی ہے، صدرمملکت آرٹیکل اکانوے کلاز 7 کے تحت حکومت کو فوری اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار ہمشہ غلط اعداد و شمار پہنچا کر آئی ایم ایف کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں اس دفعہ اعداد و شمار کی ٹمپرنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، سماجی اقتصادی اور سیاسی تباہی کا حل صرف الیکشن میں ہیں، الیکشن ہوں گے تو امداد بھی مل جائے گی، الیکشن سارے ہونے ہیں یا پنجاب کے ہو کر رہیں گے، سپریم کورٹ رولزاینڈ پروسیجربل پر پہلے ہی اسٹے آرڈر دے چکی ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز آج اکیلی پاکستان پہنچ جائیں گی اور نواز شریف لندن چلےجائیں گے، ویڈیو آڈیو ٹیپینگ سے حکومت خود بے نقاب ہورہی ہے، مہنگائی اور غربت کے ہاتھوں اپریل کے مہینے میں چالیس سے زیاده آدمیوں نے ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی میں خود کشی کی۔

اگر عثمان بزدار میرٹ پر پورا نہیں اترتے تو ضمانت نہیں ملے گی، جج احتساب عدالت

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں توسیع
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 11:18am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی، جج احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر عثمان بزدار میرٹ پر پورا نہیں اترتے تو ضمانت نہیں ملے گی۔

احتساب عدالت لاہور کے جج شیخ سجاد احمد نے عثمان بزدار کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔

مزید پڑھیں: عثمان بزدار کو عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو پیش ہونے کا حکم

جج احتساب عدالت نے نیب کو جواب نامہ داخل نہ کرانے پر ریمارکس دیے کہ یہ ضمانت ہومیوپیتھیک طریقے سے چلانی ہے، جس پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے وکیل نے بتایا کہ ہم نے سوال نامے کا جواب تیار کرلیا ہے آج نیب آفس میں داخل کرا دیا جائے گا۔

جج شیخ سجاد احمد نے عثمان بزدار کو بھی باور کرایا کہ بزادر صاحب عدالت کو عدالت سمجھیں، اس معاملے پر بڑا سخت ہوں، فیصلہ میرٹ پر ہوگا، اگر آپ کا حق بنتا ہوا تو آپ کو انصاف ملے گا۔

مزید پڑھیں: اثاثہ جات کیس کی تحقیقات: نیب نے عثمان بزدار کو دوبارہ طلب کرلیا

احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ اگر میرٹ پر پورا نہیں اترتے تو ضمانت نہیں ملے گی، اگر عثمان بزدار نے اپنے آفس کو صاف شفاف طریقے استعمال کیا ہے تو ٹھیک ہے، اگر اس میں کوئی غلط یا غیر قانونی کام ہوا تو رپورٹ میں ضرور نیب تفتیشی لکھے۔

عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ معاملے کو قانون کے مطابق ڈیل کریں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ 20 اگست 2018 سے 16 اپریل 2022 تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر رہا، اس دوران کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

مزید پڑھیں:

بعدازاں عدالت نے عثمان بزادر کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی۔

عمران خان کے سپاہی ہیں، جہاں کھڑا کریں گے، اس عمل کروں گا، عثمان بزدار

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عثمان بزدار نے کہا کہ وہ عمران خان کے سپاہی ہیں، جہاں کھڑا کریں گے، اس عمل کروں گا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم پر نظر ثانی کیمٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی پورے معاملے کا جائزہ لے گی، امیداروں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے بینچ کے مقدمات اچانک ڈی لسٹ، نوٹیفکیشن جاری

بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر تمام مقدمات بھی ڈی لسٹ کر دیے گئے
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 12:33pm
چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال
چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کا بینچ اچانک ڈی لسٹ کردیا گیا جبکہ بینچ کے سامنے سماعت کے لئے مقرر تمام مقدمات بھی ڈی لسٹ کر دیے گئے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے مقدمات ڈی لسٹ ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تاہم نوٹی فکیشن میں بینچ ڈی لسٹ کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔

چیف جسٹس پاکستان کے بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بھی شامل تھے۔

بینچ کے سامنے آج 12 مقدمات سماعت کے لئے مقرر کیے گئے تھے۔

بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ

سپریم کورٹ کے بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کردی گئی۔

جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ کی کازلسٹ بھی منسوخ کردی گئی۔

نئے بینچ نمبر 2 کی تشکیل

بینچ نمبر 2 کے تمام مقدمات کی سماعت کے لئے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل نیا بینچ تشکیل دیا گیا۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نئے بینچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست جاری کردی۔

چیف جسٹس کی طبیعت ناسازی کے باعث کیسز ڈی لسٹ ہوئے، ترجمان سپریم کورٹ

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی عدم دستیابی کے باعث بینچ ون کے کیسز ڈی لسٹ کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال طبیعت ناسازی کے باعث سپریم کورٹ نہیں آ سکے، ڈاکٹر نے چیف جسٹس کی رہائش گاہ پر ان کا طبی معائنہ بھی کیا ہے، چیف جسٹس کو سپریم کورٹ لانے والا سیکیورٹی اسکواڈ بھی واپس بھجوا دیا گیا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے۔

سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر مشترکہ مؤقف کیلئے سپریم کورٹ کی مہلت کا آخری روز

جمعرات کو رپورٹ جمع کرانی لازم جبکہ فریقین میں سیاسی مذاکرات کی کوششیں جاری
اپ ڈیٹ 26 اپريل 2023 09:48am
سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان

سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر ایک ہی مؤقف اپنانے کے لئے دی گئی سپریم کورٹ کی مہلت کا آخری روز ہے، جمعرات کو عملدرآمد رپورٹ جمع کرانی لازم ہے جبکہ فریقین میں سیاسی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانےکی درخواستوں پر گزشتہ سماعت میں الیکشن کی تاریخ پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مشاورت کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: انتخابات کیس : 26 اپریل کو سیاسی جماعتوں کا اجلاس، 27 کو عدالت میں رپورٹ طلب

19 اپریل کی سماعت میں سیاسی قائدین نے عدالت کا بتایا تھا کہ سینیئر سیاسی قیادت عید الفطر کے باعث اپنے آبائی علاقوں کو چلی گئی ہے، اب 26 اپریل کو سینیئر سیاسی قیادت میں اس حوالے سے مشاورت ہوگی جس کی رپورٹ 27 اپریل کو عدالت میں پیش کر دی جائےگی، اس پیش رفت کے بعد مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے لیے حکومت 21 ارب روپے 27 اپریل تک الیکشن کمیشن کو فراہم کرے، حکومتی گرانٹ کے بل مسترد ہونے کا مطلب ہےکہ وزیر اعظم اور کابینہ ایوان میں اکثریت کھو بیٹھی ہے جب کہ اٹارنی جنرل کا موقف ہے کہ ایسا نہیں اٹارنی جنرل سے فی الحال اتفاق کرتے ہوئے حکم نامے میں کہا گیاکہ دوسری صورت بھی حکومت کو سنگین آئینی مسائل کی طرف لے جاسکتی ہے، عدالتی حکم کی نا فرمانی کے بھی سنگیں نتائج برآمد ہو سکتے ہیں لہٰذا ضروری ہےکہ حکومت 27 اپریل تک 21 ارب روپے فراہم کرے۔

مزید پڑھیں: فیصلے سے واپسی ناممکن، حکومت 27 اپریل تک 21 ارب روپے جاری کرے، سپریم کورٹ

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے پہلے اتحادی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس آج دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے۔

اجلاس میں اتحادی پارلیمانی رہنما شرکت کریں گے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔

وزیراعظم پی ٹی آئی سے مذاکرات پر اتحادی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے ہوگا،

مزید پڑھیں: دومراحل میں الیکشن کروانے سے انارکی پھیلے گی، الیکشن کمیشن کی رپورٹ

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال زیرغور آئے گی جبکہ پنجاب خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے امورپرغورکیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کے حوالے سے بھی امورزیر غور آئیں گے۔

ادھر وزیراعظم کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

مزید پڑھیں: انتخابات فنڈز : الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک نے رپورٹس جمع کرادیں

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، تمام لیگی اراکین قومی اسمبلی کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔

وزیراعظم شام 7 بجے اتحادی جماعتوں کے ارکان کے اعزازمیں عید ملن عشائیہ بھی دیں گے۔