Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

دومراحل میں الیکشن کروانے سے انارکی پھیلے گی، الیکشن کمیشن کی رپورٹ

الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے بعد وزارت دفاع کی بھی ایک ہی دن انتخابات کیلئے درخواست
اپ ڈیٹ 19 اپريل 2023 11:23am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

وزارت دفاع نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

وزارت دفاع کی جانب سے دائر سربمہر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کا حکم دیا جائے، ساتھ ہی سپریم کورٹ پنجاب میں انتخابات کا حکم واپس لے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی مدت مکمل ہونے پر انتخابات کا حکم دے۔

وزارت دفاع کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں اور شرپسندوں کی جانب سے انتخابی مہم پر حملوں کا خدشہ ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ملک میں جاری سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سپریم کورٹ 4 اپریل کا فیصلہ واپس لے۔

دو مراحل میں انتخابات کرانے سے انارکی پھیلے گی، الیکشن کمیشن کا انتباہ

الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کی تاریخ زمینی حقائق کو مد نظر رکھ کر دی تھی، ادارہ یقین رکھتا ہے کہ اگر اس راستہ کو نہ اپنایا گیا تو ملک میں انارکی پھیلے گی۔

الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں کہا کہ پنجاب انتخابات کے لئے پولیس اہلکاروں کی دستیاب تعداد 81050 جب کہ ضرورت 4 لاکھ 66 ہزار کی ہے، پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے آپریشنز میں مصروف ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے فوج اور دیگر اداروں کی فراہمی کیلئے خط کا جواب نہیں دیا، الیکشن کے لئے ہونے والے اخراجات میں سکیورٹی نظام کی نقل وحرکت شامل ہے۔

سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ مرحلہ وار الیکشن کروانے سے تشدد کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، ایک حلقہ میں ہارنے والی جماعت دوسرے فیز میں دوسرے حلقے میں تشدد اپنا سکتی ہے، جب کہ دوسرے فیز میں نتائج پراثر انداز ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ مختلف فیز میں انتخابات کروانے سے شر پسندوں کی جانب سے حملوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، سپریم کورٹ مرحلہ وارمیں انتخابات کا حکم دیتی ہے تو بھی پنجاب کے لئے 6 ماہ کی مدت درکار ہو گی، البتہ ٹکڑوں میں انتخابات کروانے میں چھ ماہ سے بھی زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

انتخابات کے لئے فنڈز کی عدم فراہمی پر ای سی پی نے کہا کہ فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے انتخابی عمل، فہرستیں اور بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ تاخیر کا شکار ہے، بروقت پرنٹنگ نہ ہوئی تو انتخابات کا بروقت انعقاد ناممکن ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار بار بار الیکشن کے لیے موبیلائز نہیں کرسکتے، بہتر ہوگا الیکشن ایک ہی دن کروائے جائیں۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے، اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم قومی اسمبلی نے فنڈز کے اجرا کی قرارداد مسترد کردی۔

واضح رہے کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔

فنڈز فراہمی سے متعلق الیکشن کمیشن، وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک نے سپریم کورٹ میں رپورٹس جمع کرائیں۔ وزارت خزانہ نے اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے رپورٹ جمع کرائی۔

الیکشن کمیشن کے حکام نے مؤقف تحریری طور پر جمع کرایا، اور اسٹیٹ بینک کے حکام کی جانب سے بھی تحریری رپورٹ سپریم کورٹ جمع کرائی گئی۔

رپورٹس میں وفاقی کابینہ کے فیصلے اور پارلیمان کو معاملہ بھجوانے کی تفصیلات شامل ہیں، جب کہ عدالتی حکم پر اسٹیٹ بینک کو فراہم کردہ معاونت کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہے۔

ECP

Supreme Court of Pakistan

Punjab Elections

funds ecp

Politics April 18 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div