Aaj News

اتوار, مئ 12, 2024  
03 Dhul-Qadah 1445  

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ملک میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پراتفاق

پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کا مختلف منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2024 06:56pm

وزیراعظم شہباز شریف سے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں جاری اسلامی ترقیاتی بینک کے مختلف منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس وقت وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب پر موجود ہیں، جہاں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم سے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا ۔

شہباز شریف نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا۔

جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے، آل تویجری

ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کے مختلف منصوبوں کو جلد مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری ، تعمیرنو اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پر استوار کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تمام خدشات کو دور کرنے اور ون ونڈو آپریشنز مہیا کرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پوری طرح سے فعال ہے ۔

صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر الجاسرکاکہنا تھا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کا بانی رکن ہے اور ایک انتہائی اہم منبر ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھرپور قدرتی و آبی وسائل سے نوازا ہے، پاکستان کی بڑی افرادی قوت سے بھرپور طرح سے مستفید ہوا جا سکتا ہے، پاکستان کی خوشحالی اور بہتری کے لیے دعاء گو ہیں ۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد ال فالیح اور وزیر خزانہ محمد آل جادان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر صنعت بندر بن ابراہیم الخیریف سے بھی الگ ملاقات کی۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد ال فالیح نے کہا کہ ہم سب آپ کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے آگاہ ہیں، آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، آپ کا مشن ہمارا مشن ہے۔

سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے، زراعت، انفارمیشن اورتوانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ملک میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پراتفاق بھی ہوا۔

دورہ سعودی عرب کا دوسرا روز، وزیراعظم آج ریاض میں مصروف دن گزاریں گے

وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا دوسرا روز ہے، وزیراعظم آج ریاض میں مصروف دن گزاریں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے آج سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وزیر اعظم عالمی صحت کے ایجنڈے کے حوالے سے ایک سیشن میں اظہارِخیال کریں گے۔

عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائنز پر آج وزیراعظم کی کویت کی امیر مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات ہوگی جبکہ شہباز شریف کی سعودی وزراء برائے خزانہ ، صنعت اور سرمایہ کاری سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں متوقع

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چئیرمین بل گیٹس اور عالمی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہوگی۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی عالمی اقتصادی فورم کا خصوصی 2 روزہ اجلاس آج سے ریاض میں شروع ہو رہا ہے جس میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت ایک ہزار سے زیادہ سربراہان مملکت اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔

اس سسلسلے میں وزیراعظم گزشتہ روز 27 اپریل کو سعودی عرب پہنچے تھے، اس دورے میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔

Saudia Arabia

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

Riyadh

PM Shehbaz Sharif

World Economic Forum

Saudi Arabia Visit

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div