Aaj News

جمعہ, مئ 10, 2024  
01 Dhul-Qadah 1445  

جنگی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے، آل تویجری

سعودی شاہی مشیر کی وفد کے ساتھ ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
شائع 27 اپريل 2024 10:56pm

دورہ سعودی عرب پر موجود وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ریاض میں مشیر شاہی دربار اور جنرل سیکرٹری سعودی پاکستان سپریم کوارڈینیشن کونسل عزت مآب محمد بن مزیاد آل تویجری کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے غیر معمولی گرمجوشی کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

آل تویجری اور ان کے وفد نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

آل تجویری نے بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے بعد ہنگامی بنیادوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا ہے۔ جس میں سرکاری اور نجی سیکٹر دونوں کی سرمایہ کاری شامل ہے۔

آل تویجری نے بتایا کہ سعودی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل اہم وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا۔

آل تویجری جو کہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے انچارج بھی ہیں، انہوں نے وزیراعظم کو ویژن 2030 کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات سعودی ویژن 2030 کے تناظر میں آگے بڑھیں۔

جناب آل تجویری نے یقین دلایا کہ سعودی ویژن 2030 کے تحت سعودی حکومت پاکستانی افرادی قوت و سرکاری افسران کو تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کرے گی۔

ملاقات میں وزیر اعظم کو سعودی حکومت کی اصلاحات کے ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم پاکستان کی گورننس اسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسی کے تجربے سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ کی زیر قیادت وفد کی پاکستان آمد کے دوران سعودی عرب کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوئی ۔

وزیراعظم نے سعودی وفد کو بتایا کہ سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے دوران ہوئی پیشرفت پر برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ پاکستانی عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین عزت مآب سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے لیے بے پناہ عزت و احترام ہے ۔

وزیراعظم نے اپنے پر تپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

PM Shehbaz Sharif

Saudi investment in Pakistan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div