Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
21 Shawwal 1445  
Live
PTI long march 2022

عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والا تفتیشی افسر تبدیل

گریڈ 18 کے انور شاہ کو نیا تفتیشی آفیسر مقرر کردیا گیا
شائع 24 نومبر 2022 02:46pm
تصویر/ روئٹرز
تصویر/ روئٹرز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر کو تبدیل کردیا گیا ۔

حقیقی آزادی مارچ کے دوران عمران خان پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی آفیسر انسپکٹر رانا امتیاز کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

جس کے بعد گریڈ 18 کے انور شاہ کو نیا تفتیشی آفیسر مقرر کردیا گیا، انور شاہ اینٹی کرپشن لاہور میں ڈائریکٹر ویجیلینس کے عہدے پر تعینات ہیں ۔

ذرائع کے مطابق تفتیش سے متعلق تمام دستاویزات بھی نئے تفتیشی آفیسر کو منتقل کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران اب تک جائے وقوعہ سے 36 فرانزک شہادتیں جمع کی گئیں، شہادتوں کے ٹیسٹ کے لئے مختلف اشیاء کے 31 پارسل فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائع کے مطابق ملزم کے جوتے، جائے وقوعہ سے ملنے والے خون کے مختلف سیمپلز، خون آلود کپڑے اور گولیوں کے خول فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائے کا کہنا ہے کہ فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی مقدمے کی تفتیش میں حتمی سمت کا تعین کیا جائے گا۔

انور شاہ کو جے آئی ٹی کے کنوینئر سی سی پی او لاہور کی سفارش پر تفتیشی آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔

’عمران خان کو شدید خطرات ہیں، ہیلی کاپٹرپریڈ گراؤنڈ میں اتارنے کی اجازت دیں‘

امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ جلد فیصلہ کرے گی، اسد عمر
شائع 24 نومبر 2022 10:49am
تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، تصویرــ فیس بُک آفیشل
تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، تصویرــ فیس بُک آفیشل

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ سب آگاہ ہیں کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو شدید سیکورٹی خطرات ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کی حفاظت کے لئے جلسہ گاہ میں آمد اور روانگی کے لئے اشد ضروری ہے کہ ان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراونڈ میں اترنے کی اجازت دی جائے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس میں تاخیر کر رہی ہے اور امید ہے اسلام آباد ہائی کورٹ اس سلسلے میں جلد فیصلہ کرے گا۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو خط لکھا تھا۔

وزارت داخلہ کا خط میں کہنا ہے کہ مارچ کے دوران عمران خان اور شرکاء کو خطرہ ہے، لہٰذا سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات عمل میں لائے جائیں۔

توقع ہے صدر مملکت آرمی چیف کی سمری پر جلد دستخط کریں گے، خرم دستگیر

ہم ملک میں مارشل لاء نہیں چاہتے، وفاقی وزیر
شائع 23 نومبر 2022 11:17pm
وفاقی وزیر خرم دستگیر خان۔ فوٹو — فائل
وفاقی وزیر خرم دستگیر خان۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع ہے صدر مملکت آرمی چیف کی سمری پر جلد دستخط کریں گے۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ہمیں آئین و قانون کی طرف رجوع کرنا ہے، توقع ہے صدر مملکت ملک کو مزید بے یقینی میں نہیں ڈھکیلے بغیر سمری پر جلد دستخط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر کرنے کے لئے ایک ہی راستہ ہے کہ آئین پر عملدرآمد کریں، صدر علوی نے 29 نومبر کے بعد بھی کام کرنا ہے، البتہ ان کا ریکارڈ تو اچھا نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مشاورتی اجلاس میں اتحادیوں نے وزیراعظم کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، وہ شہباز شریف کے پیچھے کھڑے ہیں، آج کے اجلاس سے ہمیں اتحادیوں کی طرف سے بہت تقویت ملی ہیں۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ہمیں آئین کی سر بلندی کے لئے جانا ہے، قوانین میں کسی قسم کی تبدیلی کا وقت نہیں، جب کہ ناخوشگوار صورتحال چند دنوں کے لئے ہوگی جو بعد میں آئین کے مطابق حل ہو جائے گی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا اور ملک میں فتنہ و فساد پھیلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں مارشل لاء نہیں چاہتے جب کہ اہم تعیناتی کے بعد سیاسی استحکام میں مضبوطی آئے گی۔

پی ٹی آئی مارچ، انتظامیہ کا 26 نومبر کو فیض آباد بند کرنے کا فیصلہ

پولیس، ایف سی اور رینجرز کی نفری شہر میں تعینات کی جائے گی
شائع 23 نومبر 2022 06:33pm
ہفتے کو  فیض آباد بس اڈہ اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔ فوٹو — فائل
ہفتے کو فیض آباد بس اڈہ اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد پولیس نے 26 نومبر بروز ہفتہ فیض آباد مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے معاملے پر انسپیکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس کی زیرِ صدارت اعلیٰ پولیس افسران کا اجلاس ہوا جس میں سی پیز اوز اور اے آئی جیز نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 26 نومبر کو فیض آباد مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی آئی جلسے کے دوران فیض آباد بس اڈہ اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ نے ٹریفک کے لئے متبادل پلان تیار کرلیا، اندرون شہر ٹریفک رواں رہے گی جب کہ آئی جے پی روڈ کو ٹریفک کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پولیس، ایف سی اور رینجرز کی نفری شہر میں تعینات کی جائے گی جب کہ ایف سی کے اضافی 1500 اہلکار بلائے جائیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کوانٹیلی جنس کی رسک اسسمنٹ رپورٹ ارسال کردی جس کی کاپی وزیراعظم ہاؤس اور تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر کو بھی بھیجی گئی ہے۔

مراسلے میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسند جماعتیں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر دہشتگردی کا حملہ کر سکتی ہیں، حملے میں بیرونی عناصر کی جانب سے بھی کارروائی کا اندیشہ ہے۔

وزارت داخلہ نے خط میں لکھا کہ عوامی اجتماعات کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے جب کہ عوامی اجتماعات میں خودکش یا بم حملہ بھی ہو سکتا ہے، لہٰذا پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میں عوامی اجتماع کو مؤخر کرے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے 26 نومبر بروز ہفتہ حقیقی آزادری مارچ کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دی تھی۔

عمران خان کی کال کے بعد پنڈی کے علامہ اقبال پارک میں خیمہ بستی، اسٹیج سمیت دیگر تیاریوں کے لئے کام جاری ہے۔

حملے کا خدشہ، وزارت داخلہ کا پی ٹی آئی سے پنڈی میں مارچ مؤخر کرنے کا مطالبہ

مارچ کے دوران عمران خان اور شرکاء کو خطرہ ہے، وزارت داخلہ
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2022 06:34pm
پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ۔ فوٹو — فائل
پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ۔ فوٹو — فائل

پی ٹی آئی کی حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو خط لکھا ہے۔

وزارت داخلہ کا خط میں کہنا ہے کہ مارچ کے دوران عمران خان اور شرکاء کو خطرہ ہے، لہٰذا سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات عمل میں لائے جائیں۔

داخلہ نے رسک اسسمنٹ رپورٹ صوبوں کو ارسال کردی جب کہ خط کی کاپی وزیراعظم آفس اور پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری اسد عمر کو بھی بجھوائی گئی ہے۔

مراسلے میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہا پسند جماعتیں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر دہشتگردی کا حملہ کر سکتی ہیں، حملے میں بیرونی عناصر کی جانب سے بھی کارروائی کا اندیشہ ہے۔

وزارت داخلہ نے خط میں لکھا کہ عوامی اجتماعات کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے جب کہ عوامی اجتماعات میں خودکش یا بم حملہ بھی ہو سکتا ہے، لہٰذا پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میں عوامی اجتماع کو مؤخر کرے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے 26 نومبر بروز ہفتہ حقیقی آزادری مارچ کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دی تھی۔

عمران خان کی کال کے بعد پنڈی کے علامہ اقبال پارک میں خیمہ بستی، اسٹیج سمیت دیگر تیاریوں کے لئے کام جاری ہے۔

عمران خان کی راولپنڈی میں 40 ہزار کارکنان کیلئے خیمہ بستی قائم کرنے کی ہدایت

عمران خان نے روالپنڈی ڈویژن سے انتظامات کی رپورٹ طلب کرلی
اپ ڈیٹ 23 نومبر 2022 05:01pm
اسکرین گریب (آج نیوز)
اسکرین گریب (آج نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے روالپنڈی لانگ مارچ کے شرکاء کیلئے خیمہ بستی قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

عمران خان نےپی ٹی آئی کے راولپنڈی ڈویژن سے انتظامات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تمام ڈویژنز کے قافلوں کیلئے الگ الگ انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ 40 ہزارسےزائد کارکنوں کیلئے خیمہ بستی تیار کی جائے، شہر میں دو سے تین مقامات پر کارکنوں کی رہائش کا انتظام کیا جائے۔

پی ٹی آئی چئیرمین نے ہدایت کی کہ دور سے آنے والے کارکنوں کو ایک روز پہلے راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت کی ہے، ساتھ ہی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتظامات کو کل تک حتمی شکل دے کر رپورٹ پیش کریں۔

عمران خان کے احکامات کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے راولپنڈی میں پنڈال کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں،علامہ اقبال پارک میں خیمہ بستی، اسٹیج سمیت دیگر تیاریوں کے لئے کام جاری ہے۔

پی ٹی آئی کا راولپنڈی میں دھرنا ہوگا یا صرف جلسہ، کون سا مقام ہوگایہ تو ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا لیکن پی ٹی آئی پاور شو کے لئے تیار ہے، اس حوالے سے علامہ اقبال پارک میں تیاریاں جاری ہیں، کل سے مزید سامان بھی علامہ پارک پہنچا دیا جائے گا۔

پارک میں جلسے کا سن کر روزانہ کی بنیاد پر یہاں آنے والے اورطلباء بھی پریشان ہیں کہ پارک جلسہ گاہ بن جائے گا توصحت مندانہ تفریح اورروزانہ اسسٹڈی کہاں کریں گے۔

پارک میں روزانہ آنے والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارک کو پارک ہی رہنے دینا چاہیئے، جلسے جلوسوں کے لئے کوئی اور جگہ منتخب کرنی چاہیئے۔

فی الحال تو علامہ اقبال پارک خوبصورت منظر پیش کررہا ہے ،جلسے کے بعد اس کی یہ حالت برقرار رہے گی یانہیں، یہ تو جلسے کے بعد کے آثار سے ہی اندازہ لگایا جاسکے گا۔

عمران خان نے روالپنڈی ڈویژن سے انتظامات کی رپورٹ طلب کرلی

دوسری جانب 26 نومبرکو روالپنڈی میں عوامی اجتماع کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے روالپنڈی ڈویژن سے انتظامات کی رپورٹ طلب کرلی ۔

عمران خان نے انتظامات کوکل تک حتمی شکل دے کررپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے تمام ڈویژنز کے قافلوں کے لئے الگ الگ انتظامات اور40ہزارسےزائد کارکنوں کے لئے خیمہ بستی تیار کرنے بھی کی ہدایت کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ہدایت کی کہ شہرمیں2سے3مقامات پرکارکنوں کی رہائش کاانتظام کیاجائے۔

عمران خان کی جانب سے دورسےآنےوالےکارکنوں کوایک روزپہلےراولپنڈی پہنچنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

ہفتے کو عمران خان راولپنڈی میں آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے، فواد چوہدری

راولپنڈی کا اجتماع اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے ہوگا، سابق وفاقی وزیر
شائع 22 نومبر 2022 05:58pm
Elections essential for political and economic stability in Pakistan - Fawad Chaudhry | Aaj News

سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جمعے کی رات 35 سے 40 ہزار افراد پنڈی پہنچ جائیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 25 نومبر کی رات بڑی تعداد میں لوگ راولپنڈی پہنچ جائیں گے، کارکنان کی رہائش کے لئے خیمہ بستی بھی لگائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ کی رات کو 35 سے 40 ہزار جب کہ ہفتے کو لاکھوں لوگ پنڈی پہنچ چکے ہوں گے، جہاں سے عمران خان شرکاء کو آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ راولپنڈی کا اجتماع اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ہوگا، مہنگائی کے باعث عوام روزی روٹی کے لئے پریشان ہیں، یہ بھی نہیں پتا اسلام آباد والےکنٹینر ہمارے ڈر سے لگا رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کے لئے الیکشن ضروری ہیں، شہباز شریف کو کوئی آواز بھی دے تو وہ جہاز پکڑ کر باہر چلے جاتے ہیں جب کہ سارے وزیر ملک سے باہر ہیں، لہٰذا اس سے نا لائق اور نااہل حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی۔

پی ٹی آئی کا راولپنڈی میں دھرنا، اداروں کی جگہ تبدیل کرنے کی تجویز

انتظامیہ نے پی ٹی آئی قائدین کو تمام خدشات سے آگاہ کردیا
اپ ڈیٹ 22 نومبر 2022 01:34pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

راولپنڈی انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والےاداروں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 نومبر کو راولپنڈی میں دھرنے کا وینیو تبدیل کرنے کی تجویز دے دی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی فیض آباد کے قریب 26 نومبر کو دھرنا دینا چاہتی ہے، راولپنڈی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھرنے کا مقام علامہ اقبال پارک تک لانے کی تجویز دی۔

پی ٹی آئی راولپنڈی کے قائدین نے جگہ کی تبدیلی پر مشاورت کے لئے مزید وقت مانگ لیا۔

راولپنڈی میں 26 نومبر کو ہونے والے پی ٹی آئی کے دھرنے کے باعث حساس عمارتوں کی سیکورٹی اور پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی 26 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان براستہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچیں گے، ہیلی کاپٹر سے اسٹیج تک سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی نظر ثانی جاری ہے۔

راولپنڈی میں فیض آباد کے قریب انتہائی اہم تنصیبات بھی موجود ہیں، راولپنڈی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قائدین کو تمام خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔

پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسے، دھرنے کی اجازت کی درخواست واپس لے لی

جسٹس عامر فاروق نے درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرلی
اپ ڈیٹ 22 نومبر 2022 10:33am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں جلسے اور دھرنے کی اجازت سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوران سماعت درخواست واپس لینے کی استدعا کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرلی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ لانگ مارچ کی مخالفت اور تاجروں کی درخواست پر سماعت آخر میں سنیں گے۔

31 اکتوبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کے اجازت نامے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان کی طرف سے دائر کی گئی جس میں وزارت داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا۔

علی نوازاعوان کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکردہ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ پی ٹی آئی 4 نومبر کواسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتی ہے جس کی اجازت کے لئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے رجوع کیا تھا۔

پی ٹی آئی نے تحریری درخواست میں بتایا تھا کہ یہ خط 26 اکتوبر کو لکھا گیا تھا لیکن تاحال این او سی جاری نہیں کیا گیا۔

درخواست میں عدالت سے ڈپٹی کمشنرکو این او سی کے اجراء کے لئے ہدایات جاری کیے جانے کی استدعا کرتے ہوئے مزید کہا گیاکہ ڈپٹی کمشنر بلاوجہ معاملے کو طول دے رہے ہیں، احتجاج اور آزادی اظہار رائے آئینی حق ہے۔

2 نومبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں کو راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت

رہائش کا انتظام رکھنے والے 25 نومبر کو پہنچ جائیں، اسد عمر اور شاہ محمود گفتگو
اپ ڈیٹ 21 نومبر 2022 07:27pm
Shah Mehmood appeals to PTI workers to reach Pindi on November 25 night | Aaj News

نائب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ اگر رہائش کا انتظام ہے تو 25 نومبر کی رات کو پنڈی پہنچ جائیں اور جو 26 کو آنا چاہتے ہیں وہ صبح پنڈی پہنچیں۔

لاہور میں میڈیا سے اسد عمر اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا مارچ آئین اور قانون کے دائرے میں ہوگا، 26 نومبر کو ملک بھر سے قافلے راولپنڈی آئیں گے جب کہ عمران خان خود حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کرکے آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو عوام سے بروقت نکلنے کی اپیل کی ہے، رہائش کا بندوبست ہے تو کارکنان 25 نومبر کو راولپنڈی پہنچ جائیں، البتہ پارٹی اقبال پارک میں رہائش کا انتظام کر رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مارچ میں کہیں سڑکیں، بازار بند نہیں ہوئے، عمران خان پر منصوبے کے تحت وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ ہوا جس کے باوجود کارکان مشتعل نہیں ہوئے، حملے کی ایف آئی آر پولیس کی مدعیت میں درج ہوئی، اس مقدمے کی کوئی حیثیت نہیں۔

پارٹی وائس چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ شوکت ترین نے آج معاشی صورتحال سے بتایا، لہٰذا فوری الیکشن نہ ہوئے تو معیشت کو مزید نقصان ہوگا، پاکستان تیزی سے ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے، الیکشن پر اسرار اقتدار کے لئے نہیں بلکہ ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں مری روڈ پر عوام جمع ہوں گے، 25 نومبر کو قافلہ راولپنڈی پہنچنا شروع ہو جائیں گے جب کہ راولپنڈی کے اقبال پارک میں خیمہ بستی بنائی جائے گی۔

پی ٹی آئی کا اجلاس، راولپنڈی کال اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت

اجلاس میں ملک کے معاشی بحران اور اس سے پیدا صورتحال پر بھی مشاورت ہوئی
شائع 21 نومبر 2022 05:19pm
پی ٹی آءی کا زمان مارک میں اہم اجلاس۔ فوٹو — فائل
پی ٹی آءی کا زمان مارک میں اہم اجلاس۔ فوٹو — فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کا 26 نومبر کی کال کے معاملے پر اجلاس ہوا ہے۔

عمران خان کی زیر صدارت زمان مارک میں پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور اعظم سواتی نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی کے اہم اجلاس میں علی زیدی، شاہ فرمان، عمران اسماعیل سمیت ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، شفقت محمود، زلمی بخاری اور اعجاز چوہدری بھی شریک ہوئے۔

تحریک انصاف کے اجلاس میں راولپنڈی کال اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی جب کہ ملک کے معاشی بحران اور اس سے پیدا صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 26 نومبر بروز ہفتہ حقیقی آزادی مارچ کو راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ دے چکے ہیں جس میں وہ خود بھی شرکت کریں گے۔

آزادی مارچ روکنے کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو فیصلہ کرنے کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا مارچ روکنے کی درخواست نمٹا دی
شائع 21 نومبر 2022 01:58pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ سوشل میڈیا

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ روکنے کی درخواست نمٹا دی، عدالت نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ایک ہفتے میں درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے تاجر نعیم میر کی آزادی مارچ روکنے کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

سماعت کے دوران وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے اسی نوعیت کی درخواست نمٹا دی ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں بھی معاملہ زیر سماعت ہے۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ آزادی مارچ کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اس لیے اسے روکا جائے۔

عدالت نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو درخواست پر ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

حقیقی آزادی مارچ : پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ کو بھی درخواست دے دی

پی علی نواز اعوان کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی
شائع 21 نومبر 2022 01:44pm
عمران خان حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے
عمران خان حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے اجتماع کے لئے راولپنڈی کی انتظامیہ کے بعد اسلام آباد انتظامیہ کو بھی باضابطہ طور پردرخواست دے دی۔

پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان کی جانب سے جمع درخواست میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف 26 نومبر کو فیض آباد کے مقام پر عوامی اجتماع کا انعقاد کرے گی، چیئرمین عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں لینڈ کرے گا اور پھر سابق وزیراعظم پریڈ گراؤنڈ سے فیض آباد حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کے لئے روانہ ہوں گے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ 26 نومبر کو راولپنڈی میں ایک پرامن اور جمہوری عوامی اجتماع کا انعقاد کر رہے ہیں ،عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر لینڈنگ کی بھی اجازت دی جائے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی نے ڈی سی راولپنڈی کو بھی فیض آباد کے قریب دھرنے کے لئے باضابطہ درخواست جمع کراوئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھاکہ تحریک انصاف 26 نومبر کو فیض آباد کے پاس عوامی جلسہ ، دھرنا دے گی، عمران خان اس کی قیادت کریں گے، سیاسی شو میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شرکت کرے گی، انتظامیہ اس موقع پر سیکیورٹی کے لئے معقول انتظامات کرے۔

پی ٹی آئی مرکزی قیادت آج سیاسی صورتحال پرسرجوڑے گی

ملاقات میں سیاسی صورتحال، آزادی مارچ کے راولپنڈی مرحلے پربات ہوگی، فواد
شائع 21 نومبر 2022 11:46am
تصویر بشکریہ: پی آئی ڈی
تصویر بشکریہ: پی آئی ڈی

ملک کے نئے آرمی چیف کی تقرری کا عمل آج شروع ہونے کی خبروں کے درمیان پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کی میٹنگ آج ہورہی ہے۔

فواد چوہدری کی ٹویٹ کے مطابق عمران خان کی صدارت میں ہونے والی اس ملاقات میں سیاسی صورتحال، حقیقی آزادی مارچ کے راولپنڈی مرحلے اور دیگر معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق پارٹی کی مرکزی قیادت کی ملاقات میں ملک کے معاشی بحران اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی۔

عمران کو کسی کی تعیناتی پراعتراض نہیں، بلاول کی پریس کانفرنس پر شیخ رشید کا ردعمل

'جوبھی آرمی چیف آئے گا، ملک کو الیکشن کی جانب لیکرجائے گا'
شائع 21 نومبر 2022 10:11am
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی اتحادی شیخ رشید نے سابق وزیراعظم نواز شریف پراپنی مرضی کے آرمی چیف کی تعیناتی کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی کی تعیناتی پربھی اعتراض نہیں۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں عمران خان سے حقیقی آزاری مارچ چند ہفتے کے لئے موخر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاتھا کہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لئے عمران خان آرمی چیف کو مدتِ ملازمت میں تاحیات توسیع دینا چاہتے تھے تاہم پاکستان کی خوش قسمتی ہے اورجنرل باجوہ کا بھی شکریہ جنہوں نے اس پیشکش کو مسترد کیا۔

آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سوال پربلاول کا کہنا تھا کہ یہ قانونی طور پروزیراعظم کی صوابدید ہے، لہٰذا پیپلز پارٹی وزیراعظم کے فیصلے کو سپورٹ کرے گی، البتہ اگرصدرمملکت عارف علوی نے اس ضمن میں کوئی غیرآئینی کام کیا تو انہیں نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔

بلاول کے اس موقف پرردعمل میں شیخ رشید نے اپنی ٹویٹ میں مخالفین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ نوازشریف نگراں کا دورانیہ بڑھوانا اورمن پسند تعیناتی بھی چاہتے ہیں لیکن ایک ٹکٹ میں 2 مزے نہیں مل سکتے۔

شیخ رشید نے بلاول کی پریس کانفرنس کے حوالے سے لکھا کہ ، ”وزیرخارجہ بلاول اپنے ملک کے صدرکو دھمکیاں دےرہا ہے، مانگے تانگے کی حکومت کا یہی نتیجہ ہوتا ہے“۔

انہوں نے واضح کیا کہ ، ”چیئرمین پی ٹی آئی کو عمران خان کو کسی کی تعیناتی پراعتراض نہیں، جو بھی نیا آرمی چیف آئےگا وہ سیاسی گند اپنے کندھوں پر نہیں اٹھائےگا اور ملک کو الیکشن کی طرف لے کر جائے گا“ ۔

شیخ رشید نے حسب معمول سیاسی پیشگوئی کرتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آئندہ 5 روز سیاست میں فیصلہ کن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ، ”پی ڈی ایم کا اسیاسی جنازہ نکل چکا ہےجس کی سیاسی چیخیں بلاول کی پریس کانفرس میں واضح ہیں“۔

اشیخ رشید کے مطابق آئندہ72 گھنٹوں میں صورتحال واضح ہوجائےگی، 26 نومبرکوعمران خان کاراولپنڈی میں تاریخی استقبال کریں گے۔

پی ٹی آئی کا فیض آباد کے قریب دھرنا دینے کا فیصلہ

ڈی سی راولپنڈی کو دھرنے کے لئے باضابطہ درخواست دی گئی
اپ ڈیٹ 21 نومبر 2022 09:38am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں فیض آباد کے قریب دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی آئی نے ڈی سی راولپنڈی کو فیض آباد کے قریب دھرنے کے لئے باضابطہ درخواست جمع کرادی ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے درخواست ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے جمع کرائی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ تحریک انصاف 26 نومبر کو فیض آباد کے پاس عوامی جلسہ اور دھرنا دے گی، عمران خان اس کی قیادت کریں گے، سیاسی شو میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شرکت کرے گی، انتظامیہ اس موقع پر سیکیورٹی کے لئے معقول انتظامات کرے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماؤں کی راولپنڈی انتظامیہ اورپولیس افسران سے ملاقات ہوئی، جس میں 26 نومبر کے پاور شو کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے مری روڈ فیض آباد کےقریب مرکزی اسٹیج لگایا جائے گا، جلسے کے دوران مری روڈ اور میٹرو سروس کو بھی بند رکھنے کی تجویز پرغور کیا گیا۔

یاد رہے کہ 19 نومبر کو سابق وزیراعظم عمران خان نے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنےکی کال دی تھی ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے ہفتے کو ایک بجے پنڈی پہنچنا ہے، ہمیں حقیقی آزادی کے لئے گھروں سے نکلنا ہے، لہٰذا 26 نومبر کو پوری قوم پنڈی پہنچے گی جہاں صاف و شفاف الیکشن کا مطالبہ کریں گے۔

’راولپنڈی میں ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کی افواہیں گرم‘

'راولپنڈی میں غروب آفتاب سے پہلے عمران کا خطاب ختم کرانے کی کوشش کی جائے گی'
شائع 20 نومبر 2022 07:28pm
شیخ رشید کی زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات (تصویر: ٹوئٹر/پی ٹی آئی)
شیخ رشید کی زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات (تصویر: ٹوئٹر/پی ٹی آئی)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں طویل عرصے کی ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کی افواہیں گرم ہیں، مگر عمران خان صرف صاف شفاف اور قبل ازوقت انتخابات چاہتے ہیں.

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو عوام کا سمندر راولپنڈی میں عمران خان کا استقبال کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں، اس لئے ان کا خطاب راولپنڈی میں غروب آفتاب سے پہلے ختم کرانے کی کوشش کی جائے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹیکنو کریٹ حکومت لانے کی افواہیں موجود ہیں لیکن عمران خان کو یہ تجویز ہرگز قبول نہیں ہوگی، وہ قبل از وقت شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

سربراہ عوامی مسل لیگ نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں، انہیں اب جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو صدر کو دھمکی دینے سے پہلے سوچ لیں، انہیں لال حویلی سے ہوکر جانا پڑے گا۔

عمران خان کا آزادی مارچ راولپنڈی پہنچتا نظر نہیں آرہا، سعید غنی

عمران خان کو ایک ہفتے جیل میں ڈالا جائے ٹھیک ہوجائے گا
اپ ڈیٹ 20 نومبر 2022 02:56pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کا آزادی مارچ راولپنڈی پہنچتانظر نہیں آرہا، اہم تعیناتی کو متنازع بنانا افسوسناک ہے، عمران خان سمجھتا ہے کہ وہ بغیر کسی سہارےدوبارہ حکومت میں نہیں آسکتا، عمران خان ذہنی مفلوج بن گیا ہے ۔

سندھ کے صوبائی وزیراطلاعات ومحنت سعید غنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی یوم تاسیس 30 نومبر کو نشتر پارک میں منعقد کررہی ہے، پورے ملک میں اس روز مختلف شہروں میں جلسے ہوں گے، آج سے کراچی میں پیپلز پارٹی کے جلسے منعقد ہورہے ہیں، سینیٹ کی خالی سیٹ پر پیپلز پارٹی نے وقار مہدی کو ٹکٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک ادارے کے سربراہ کو متنازعہ بنادیا ہے، اس سے کسی طرح ملک کی خدمت نہیں ہورہی، عمران خان کا آزادی مارچ راولپنڈی پہنچتا نظر نہیں آرہا ہے، وہ سب ادارروں کو کنٹرول میں لانا چاہتے ہیں۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھاکہ عمران خان کو ایک ہفتے جیل میں ڈالا جائے ٹھیک ہوجائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ مدد کے بغیر اقتدار میں آہی نہیں سکتا، اسٹیبلشمنٹ نے طے کرلیا کہ غیرآئینی کام نہیں کرنا، اس سے عمران خان کی نیندیں حرام ہوگئیں۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ عمران خان کا 10 سالہ منصوبہ تہس نہس ہوگیا، عمران خان ذہنی طور پر مفلوج آدمی ہے، عمران خان اور بھارتی میڈیا ایک پیج پر ہیں، یہ ملک کے مفادات کا سودا کررہا ہے، اس نے دوست ملکوں سے ملنے والے تحائف فروخت کردیے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ عمران خان کروڑوں اور اربوں روپے کے تحائف بیچ کر امیر ہوئے، اس آدمی نے کسی ادارے کو نہیں چھوڑا، اس نالائق آدمی کو میڈیا نے سیاسی لیڈر بنا دیا۔