اورنج لائن منصوبے کیخلاف لاہورمیں احتجاج

شائع 19 جنوری 2016 04:54am

orange11111111111

لاہور:پیپلز پارٹی پنجاب نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ منصوبے سے متاثر ہونے والے کاروباری طبقہ اور رہائشیوں کو جبری بے دخلی کے بجائے انہیں متبادل روزگار اور رہائش مہیا کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق جین مندر چوک لاہور میں احتجاج کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے روٹ میں مناسب تبدیلیاں لائی جائیں، زبردستی لوگوں کے مکان گرانے اور کاروبار تباہ کرنے کے بجائے متاثرین کو مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔

اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متاثرہ انار کلی کے رہائشی اور کاروباری حضرات بھی پیپلز پارٹی کے احتجاج میں شامل ہو گئے اور ٹریفک بلاک کر دی ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے زور پر بے دخلی کے بجائے انہیں انکی جائیداد کا پورا معاوضہ دیا جائے۔

مظاہرین نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ منصوبے کے روٹ اور اسکی کی زد میں آنے والے متاثرین سے ہونے والی زیادتی کا نوٹس لے اور ثقافتی ورثے کو تباہی سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔