کراچی:بارش کے بعد شہریوں کی مشکلات میں اضافہ
کراچی :کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکوں اورگلیوں میں پانی جمع ہوگیا۔ رات گئے وزیر بلدیات جام خان شورو، ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین مسعود عالم سمیت دیگر افسران نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ سڑکوں سے پانی کو ختم کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش سے جہاں سردی بڑھ گئی ہے وہیں شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا، شہر میں کئی مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہوگیا، جبکہ فائیواسٹار چورنگی کے قریب سڑک زمین میں دھنس گئی، جس میں پانچ گاڑیاں پھنس گئی ،جن کو لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔
وزیر بلدیات جام خان شورو نے رات گئے گرومندر، شاہراہ فیصل، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، حیدری اور نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیا،اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہے،صبح تک پانی صاف ہوجائے گا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی نے شہر قائد میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے میونسپل سروسز کے عملے کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بلدیہ عظمی کا عملہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی میں مصروف ہے۔
شہرقائد کی پہلے سے ابتر صورتحال سے کون واقف نہیں ،رہی سہی کسر بارش نے پوری کرد ی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ اپنے وسائل کو کس اندازمیں استعمال کرتی ہے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔