چونتیس ملکی اتحاد کسی ملک کیخلاف نہیں،وزیردفاع

شائع 19 جنوری 2016 09:25am

khuwaja-asif-as

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چونتیس ملکی اتحاد کسی ملک کیخلاف نہیں، دہشتگردی کو مسلم امہ کے ساتھ جوڑنا غلط اقدام ہے، سعودی عرب کو خطرہ ہوا تو ساتھ کھڑے ہوں گے،امریکا میں مختلف لابیاں پاکستان کیخلاف کام کررہی ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چونتیس ممالک کے اتحاد کا مقصد کسی ملک کے خلاف لڑنا نہیں، اور نہ ہی فوجی اتحاد ہے،مسلمانوں کا دہشتگردی کے خلاف متبادل موقف آنا چاہئے ،خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چونتیس ممالک کے اتحاد میں شامل ملکوں کے مقاصد کا تعین ہونا ابھی باقی ہے،مسلم امہ کیساتھ دہشت گردی کو جوڑنا غلط اقدام ہے، سعودیہ کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو ہم ساتھ کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی افواج کو ٹریننگ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہے ہیں,سعودی عرب اورایران ہمارے اسلامی برادرممالک ہیں،وزیراعظم کی سعودی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں،وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا،امریکا میں مختلف لابیاں پاکستان کیخلاف کام کررہی ہیں۔