لاہور میں واپڈا ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

شائع 19 جنوری 2016 01:46pm

lahore

لاہور:بجلی چوروں کے ہاتھوں قتل ہونے والے واپڈا ملازمین کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،واپڈا لیبر یونین نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو دو فروری کو مختلف سرکاری محکموں کی بجلی بند کردیں گے۔

واپڈا ہائیڈرو سینٹرل لیبر یونین کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ پنجاب سیکریٹریٹ کے باہر واپڈا ملازمین نے احتجاجی دھرنا دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ گوجرانوالہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر سرویلنس مظہر نواز اور اسسٹینٹ ڈائریکٹر محبوب احمد کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے والے واپڈا افسران اور اہلکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

یونین کے سیکریٹری جنرل خورشید احمد نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بغیر مناسب سکیورٹی اب کوئی اہلکار بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے لئے نہیں جائے گا۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے والے واپڈا اہلکاروں کے اہلخانہ کو معاوضہ اور انکے بچوں کو محکمے میں روزگار دیا جائے۔