ایازصادق کے اسپیکر رہنے کا فیصلہ یکم فروری کو ہو گا
اسلام آباد:ایازصادق کے اسپیکر رہنے کا فیصلہ یکم فروری کو ہو گا،الیکشن کمیشن نے ووٹ منتقلی کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کہتے ہیں جو بھی فیصلہ آیا اس پر اپنا آئینی حق استعمال کروں گا۔
این اے ایک سو بائیس ووٹ منتقلی کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنرسردار رضا خان کی سربراہی میں فل بینچ نے کی، الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے کیس کے حوالے سے اپنی کاروائی مکمل کر لی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹ ٹرانسفر کیس کا محفوظ فیصلہ یکم فروری کو سنایا جائے گا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیم خان نے کہا کہ این اے ایک سو بائیس کے عوام کی جنگ لڑ رہا ہوں،جب تک انہیں اپنا حق نہیں ملتا ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سمیت ہر فورم پر جاؤں گا۔
اس موقع پرمسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ یکم فروری کو جو بھی فیصلہ آیا قبول ہو گا۔پیسے سے ضمیر نہیں خریدے جا سکتے۔
طلال چوہدری اور ایاز صادق کے وکیل شاہد حامد نے کہا کہ انہیں سو فیصد یقین ہے کہ فیصلہ ان ہی کے حق میں آئے گا۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔