دلیپ کمار ایک بار پھر ہسپتال میں داخل ہوگئے
بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار ایک مرتبہ پھر طبیعت میں ناسازی کے باعث ہسپتال منتقل کردیئے گئے۔ انہیں گذشتہ روز ممبئی کے ایک مقامی ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔
دلیپ کمار حالیہ دور میں ہسپتالوں کے کئی چکر لگا چکے ہیں انہیں آخری مرتبہ گذشتہ برس دسمبر میں اس وقت ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جب انہیں بخار اور ٹانگوں میں سوجن کی شکایت ہوئی تھی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق انہیں پانی کی کمی اور گردے میں خرابی کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دلیپ کمار کو گذشتہ روز تقریبا دوپہر 12 بجے ہسپتال لایا گیا تاہم ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں داخل کرلیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ابھی دلیپ کمار کے مختلف ٹیسٹس کراوائے جارہے ہیں تاہم حتمی صورتحال کل رپورٹ آنے کے بعد ہی بتائی جاسکتی ہے۔
یاد رہے بولی وڈ لیجنڈ دلیپ کمار (یوسف خان) کی عمر 94 برس ہے اور انہوں نے بھارتی سینما انڈسٹری کے لئے بے شمار میگا ہٹ فلمیں کر رکھی ہیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔