پاکستان میں داعش کا کوئی منظم وجود نہیں ہے،ترجمان دفتر خارجہ

شائع 21 جنوری 2016 05:42pm

fos

اسلام آباد:دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چارسدہ یونیورسٹی حملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک ملزمان کے بارے میں کوئی نتیجہ اخذ کرنا صحیح نہیں ہوگا، پاک بھارت خارجہ سیکریٹریز ملاقات جلد ہوگی، دونوں حکومتیں باہمی رابطے میں ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز کی انسانی جانیں بچانے کی کوشش قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پر دہشت گرد حملے کی تحقیقات جاری ہے اس لیے پہلے سے کوئی نتیجہ اخذ نہ کیا جائے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران میں باہمی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں مسلم برادر ممالک کی جانب سے مثبت جوابات ملے، ایران سے مالیاتی پابندیاں اٹھنے سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا۔قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاک بھارت خارجہ سیکریٹریز کی ملاقات جلد ہوگی، دونوں حکومتیں رابطے میں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ داعش پر ہماری پوزیشن واضح ہے، پاکستان میں داعش کا کوئی منظم وجود نہیں ہے۔انہوں نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گرد حملے کی بھی مذمت کی۔