الطاف حسین کوایم آئی سکس کی مدد حاصل ہے،خالد شمیم

شائع 22 جنوری 2016 05:02am

khalod-shamim000000

اسلام آباد:ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم کہتے ہیں قوم ساتھ دے تو وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے تیارہوں جبکہ الطاف حسین اورمحمد انور کو را اور ایم آئی سکس کی مدد حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم اور محسن علی کو اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا،باچاخان یونیورسٹی میں دہشتگردی کے خلاف یوم سوگ کی وجہ سے وکلاءعدالت میں پیش نہ ہوئے توعدالت نے بغیر کارروائی جوڈیشل ریمانڈ میں چارفروری تک توسیع کردی ۔

ملزم خالد شمیم کی اہلیہ کی استدعا ءپرعدالت نے ملزموں کو دوبارہ عدالت میں بلا کرخالد شمیم سے ان کی اہلیہ بینا خالد کی ملاقات کرائی ،صحافیوں کے سوالات پرملزم خالد شمیم کا کہنا تھا کہ عوام ساتھ دے تو وعدہ معاف گواہ بنوں گا۔

کمرہ عدالت میں ان کی بیوی بینا خالد باربار خالد شمیم سے اصرار کرتی رہیں آپ کی حالت ٹھیک نہیں ہے کوئی ایسا بیان نہیں دینا،مگرخالد شمیم یہی کہتے رہے میں ٹھیک ہوں اورہوش میں بیان دے رہا ہوں،بینا خالد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خالد کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے۔

فاروق قتل کیس کا تیسرا اور مرکزی ملزم معظم علی اٹھائیس جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں۔