پنجاب :بلدیاتی آرڈیننس چیلنج کرنے کا اعلان

شائع 23 جنوری 2016 04:31pm

pervazi_image

لاہور :مسلم لیگ ق نے پنجاب میں بلدیاتی آرڈیننس چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ، چوہدری پرویز الہیٰ کہتے ہیں ن لیگ خود کو بچانے کیلئے یہ دھاندلی آرڈیننس لائی ہے ، انتخابات سیکرٹ بیلٹ سے ہی ہوتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے بلدیاتی آرڈیننس کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی آرڈیننس سے ن لیگ نے شو آف ہینڈ کا کالا قانون متعارف کرانا چاہا ہے یہ قانون ضمیر کو ختم کرنے کی جانب لے کر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ سوموار کو اس قانون کے خلاف درخواست دائر کرے گی۔

مسلم لیگ ق کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے قومی دولت جنگلہ بس سروس اور اورنج لائن میں جھونک دی، یہ اورنج لائن ٹرین نہیں بلکہ ڈالر ٹرین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے نیشنل ایکسن پلان پر عملدرامد میں چار ماہ ضائع کیے اور پنجاب میں بھی تاحال کچھ نہیں کرسکے۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف مودی کے سحر میں مبتلا ہیں اسی لیے چارسدہ واقعے کا نوٹس نہیں لیتے ،بھارتی وزرائ نے پٹھان کوٹ واقعے پر فوری طور پر الزام لگایا تھا مگر ہم خاموش رہے۔