عامر خان کے سامنے بہت چھوٹا ہوں:راج کمار راؤ
اداکار راج کمار راؤ کو ان کی نئی فلم'بریلی کی برفی' میں ادکاری پر سُپر سٹار امیتابھ بچن کی جانب سے خط ملا ہے۔
راج کمار راؤ 'شاہد'، 'کائے پو چے'، 'سٹی لائٹس'، 'علی گڑھ' اور 'ٹریپڈ' جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
امیتابھ بچن کے خط کے بارے میں راج کمار راؤ کا کہنا ہے کہ'یہ خط میرے لیے کسی بھی ایوارڈ سے کم نہیں۔ یہ بہت ہی زبردست بات ہے کہ کس طرح وہ نئے اداکاروں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ ان کی جانب سے یہ میرے لیے پہلی چٹھی ہے، اور میں امید کرتا ہوں کے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔'
راج کمار راؤ مستقبل میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں حال ہی میں امیتابھ بچن کی بہو اور اداکارہ ایشوریہ بچن کے ساتھ اوم پراکاش مہرا کی فلم 'پھنے خان' میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ان کے ساتھ انیل کپور بھی ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعض خبروں کے مطابق راج کمار راؤ اس فلم میں ایشوریہ کے ساتھ رومانوی کردار نبھا رہے ہیں۔ جس پر راج کمار راؤ کا کہنا ہے کہ 'میں یہ فلم اس لیے نہیں کر رہا کہ مجھے ایشوریہ کے ساتھ رومانس کا موقع مل رہا ہے۔ میں یہ اس لیے کر رہا ہوں کیونکہ مجھے ان بہترین ادکاروں کے ساتھ کام کرنے اور سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ'میں ہجوم کے ساتھ صرف اس لیے نہیں چل سکتا کہ وہ سو برسوں سے ایک ہی راستے پر چل رہے ہیں، میں اپنے راستے کا تعین خود کروں گا۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'ایسا وقت بھی آیا کہ مجھے سکرپٹ دیا گیا جو کہ بہت برا تھا اور پھر اس پر کام کرنے کیلئے دباؤ بھی ڈالا گیا لیکن میں نے انکار کر دیا۔ اس حوالے سے میں کاملیت پسند ہوں۔'
راج کمار نے فلم'ٹریپڈ' کیلئے پہلے اپنا وزن گھٹایا اور پھر ایک سیریز میں سوبھاش چندرہ بوس کے کردار کیلئے وزن کو بڑھایا جس کے بعد ان کا موازنہ 'دنگل' فلم کے عامر خان کے ساتھ کیا جانے لگا۔
اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ'عامر خان ہمارے ملک کے بہترین اداکار اور اسٹار ہیں، میں ان کے سامنے بہت چھوٹا ہوں، ایسے موازنے میں احترام کرنا چاہیئے۔'
بشکریہ بی بی سی اردو

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔