سپریم کورٹ :تحریک انصاف کے امیدوار کی اپیل خارج
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کے حلقہ اڑسٹھ سے تحریک انصاف کے اْمیدوار جاوید اکبرخان کی الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے تاحیات نااہلی برقرار رکھی ہے۔
سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حلقہ پی کے اڑسٹھ کی انتخابی عذرداری کیس کی سماعت کی ، حلقہ پی کے اڑسٹھ سے تحریک انصاف کے اْمیدوار جاوید اکبر خان کے وکیل منیر پراچہ نے موقف اختیار کیا کہ امیدوار پر تاحیات نا اہلی کا دھبہ ہے، سپریم کورٹ اسے ختم کرے، عدالت دیکھے کہ تاحیات نا اہلی کا اطلاق ہوتا ہے یا نہیں۔
جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے امیدوار کی تا حیات نا اہلی کو چیلنج ہی نہیں کیا،جس پر مقدمہ کی مزید سماعت روکتے ہوئے عدالت نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کردی اور فیصلے میں ٹرائل کورٹ کوہدایت کی گئی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے متاثر ہوئے بغیر کیس نمٹایا جائے۔
اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے آزاد اْمیدوار مخدوم مرید کاظم شاہ کی درخواست پر حلقے سے تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار جاوید اکبرخان کو جعلی دستاویزات جمع کرانے پر تاحیات نا اہل قرار دیا تھا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔