پیپلز پارٹی عزیر بلوچ سے لاتعلقی کا اعلان کرچکی ہے،مولا بخش چانڈیو

شائع 30 جنوری 2016 05:55pm

maula

کراچی:سیاسی رہنماوٴں نے عزیر بلوچ کی گرفتاری کو پاکستان کی سیاست کے لیے اہم موڑ قرار دیا ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی عزیر بلوچ سے لاتعلقی کا اعلان کرچکی ہے۔ جب کہ سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ وہ آج بھی عزیر کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔

ذوالفقار مرزا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے پیپلز امن کمیٹی نہیں بنائی تھی، بیرون ملک فرار ہونے والے سیاسی رہنماؤں کو بھی وطن واپس لایا جائے۔جبکہ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عزیر بلوچ کی گرفتاری اس وقت ظاہر کرنے کے مقاصد جلد پتہ چل جائیں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ عزیر بلوچ سے کوئی کتنی لاتعلقی ظاہرکرے اگر شواہد ملے تو کٹہرے میں آنا ہوگا۔مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے کہا ہے کچھ نام ڈاکٹر عاصم نے بتائے اب کچھ نام عزیر بلوچ بتائے گا۔

اے این پی کے رہنما اور سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ جو دہشت گرد بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں انہیں بھی پکڑ کر واپس لا نا چاہیے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں عزیز بلوچ کی گرفتاری سے بے نظیر قتل کیس نیا موڑ لے گا۔

سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ جو دہشت گرد اور سیاسی رہنما ملک سے فرار ہوچکے ہیں انہیں بھی واپس لایا جائے۔