معروف اداکارہ سری دیوی انتقال کر گئیں
دبئی : بھارتی فلموں کی مشہور اداکارہ سری دیوی حرکت قلب بند ہونے کے باعث دبئی میں انتقال کر گئیں، ان کی عمر55 سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق سری دیوی وہ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئےدبئی گئی تھیں، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
سری دیوی 13اگست 1963کو پیدا ہوئیں، انہوں نے تامل، تیلگو، ملیالم اور ہندی فلموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، وہ نوے کی دہائی میں اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں۔
انہیں بولی وڈ انڈسٹری میں پہلی خاتون سپراسٹار تصور کیا جاتا ہے، جس نے انڈیا سنیما کو اپنی بے پناہ صلاحیت سے یکسر بدل ڈالا، انہیں 2013 میں بھارت کے چوتھے بڑے شہری ایوارڈ پدم شری سے بھی نوازا گیا۔
سری دیوی کے انتقال کی خبر سے ان کے لاکھوں مداح سوگوار ہوگئے، وہ ممتاز فلم پروڈیوسر اور انیل کپور کے بھائی بونی کپور کی اہلیہ تھیں۔
انہوں نے فلم ہمت والا سے بولی وڈ کو اپنی جانب متوجہ کیا، اس کے علاوہ مسٹر انڈیا، چاندنی، ناگن، لمحے، وقت کی آواز جیسی بلاک بسٹر فلمیں دیں۔
انیل کپور اور ارمیلا کے ساتھ کی جانے والی فلم جدائی کے بعد وہ انڈسٹری سے دور ہوگئیں تھیں تاہم پندرہ سال بعد وہ انڈسٹری میں فلم انگلش ونگلش کے ذریعے واپس آئیں، جسے ناقدین نے بہت پسند کیا۔
گذشتہ دنوں وہ فلم موم میں بھی نظر آئیں تھیں، اس فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل اور عدنان صدیقی نے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔