ایکس زی 2:گیلیکسی سے بھی بہترین سونی کا نیا فلیگ شپ فون

شائع 27 فروری 2018 05:30am
-Android Central -Android Central

سال 2017 میں  مسلسل ناکامی کا منہ دیکھنے کے باعث جاپانی کمپنی Sony  نے  آگے بڑھنے کیلئے اب تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ اس کے دو نئے فلیگ شپ فون ایکسپیریا ایکس زی ٹو اور ایکس زی ٹو کامپیکٹ روایتی ڈیزائن سے ہٹ کر تیار کئے گئے ہیں۔

یہ پہلے سے بہت زیادہ تیز اور ڈیزائن کے لحاظ سےبیزل لیس  فون ہیں، مگر ایج ٹو ایج اسکرین اب بھی سونی نے متعارف نہیں کرائی۔

سونی کے یہ دونوں فون کوالکوم کے اسنیپ ڈریگن 845 پراسیسر سے لیس ہیں ،جو  اس وقت اینڈرائیڈ فونز کے لیے دستیاب سب سے طاقتور پراسیسر ہے ۔

جبکہ  ان میں فور جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج بھی دی گئی ہے ، جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 400 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

آسان الفاظ میں ایکس زی ٹو رفتار کے لحاظ سے سام سنگ کے گلیکسی ایس نائن کی ٹکر کا ہے ،جبکہ کوالکوم کا ایکس 20 موڈیم اس کی ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ 1.2 جی بی پی ایس تک بڑھا سکتا ہے۔

دونوں فونز اینڈرائیڈ 8.0 اوریو آپریٹنگ سسٹم پر کام کریں گے، تاہم دونوں میں ایک فرق ڈسپلے کے حجم کا ہے۔

ایکس زی ٹو 5.7 انچ کی فل ایچ ڈی پلس ایچ ڈی آر ڈسپلے جبکہ ایکس زی ٹو کامپیکٹ 5 انچ اسکرین والا فون ہے۔

پہلی بار سونی کے اسمارٹ فونز میں وائرلیس چارجنگ بھی دستیاب ہے، تلیکن یہ ایکس زی ٹو میں ہی متعارف کرائی گئی، چھوٹے ورژن اس سے محروم ہے۔

ایکس زی ٹو میں 3180 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے، دوسرے فون میں یہ سائز کم ہے اور وائرلیس چارجنگ بھی اس ڈیوائس کو نہیں دی گئی۔

دونوں فونز میں بیک پر انیس میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق یہ کیمرہ نہ صرف ایچ ڈی آر ویڈیو ریکارڈ کرسکتا ہے بلکہ یہ کام فور کے ریزولوشن میں ممکن ہوگا۔

یہ پہلی بار ہے کہ کسی اسمارٹ فون میں 4 کے ایچ ڈی آر ویڈیوز شوٹ کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے اور کسی اور فون میں اب تک اسے پیش نہیں کیا گیا۔

اسی طرح سپر سلو موشن فوٹیج بھی ریکارڈ کی جاسکتی ہے جو کہ سونی کے کچھ دیگر فونز میں بھی ممکن ہے۔  مگر ان نئی ڈیوائسز میں اس کا ریزولوشن 720p سے بڑھا کر فل ایچ ڈی کردیا گیا ہے۔

سونی کے مطابق کیمرہ فرم وئیر کے لیے اس نے کوالکوم سے شراکت داری کی تاکہ انتہائی کم روشنی میں بھی بہتر نتائج والی تصاویر کھینچی جاسکیں۔

تھری ڈی فیس میپنگ فیچر کو بھی بیک سے فرنٹ کیمرہ میں منتقل کیا گیا ہے ،جو صارف کو تیزی سے تھری ڈی سیلفی لینے میں مدد دیتا ہے۔

اور ہاں فرنٹ پر پانچ میگا پکسل کا کیمرہ دونوں فونز کا حصہ ہے جبکہ فنگر پرنٹ اسکینر کو بیک پر منتقل کردیا گیا ہے۔

سونی کی جانب سے انہیں فروخت کرنے کی تاریخ یا قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم کمپنی کے مطابق یہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں دستیاب ہوں گے۔

بشکریہ The Verge