پنجاب:اپوزیشن جماعت 10 فروری کو یوم سیاہ منائے گی

شائع 08 فروری 2016 04:45am

punjab000000000

لاہور:پنجاب کی تمام اپوزیشن جماعتوں اور سرکاری اداروں کی یونینز نے دس فروری کو پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملک گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کیخلاف یوم سیاہ منانے کا فیصلہ جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام لاہور میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دس فروری کو تمام یونینز کے مرکزی دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ منافع بخش قومی اداروں پر من پسند افراد مسلط کرکے انہیں تباہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت نجکاری کی پالیسی اپنانے کے بجائے اداروں کی بحالی کی طرف توجہ دے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کا کہنا تھا کہ انتظامی معاملات کو بہتر بنا کر ہی اداروں کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے۔ حکومتی فیصلے نہ صرف جمہوریت بلکہ آئین کے بھی منافی ہیں۔

اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پی آئی اے سے لازمی سروس ایکٹ کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔ ادارے کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو عوامی احتجاج شدت پکڑے گا۔