تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد آج رکھ دیا گیا

شائع 13 دسمبر 2015 10:52am

12

اشک آباد:چار ملکی تاریخی تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد آج رکھا گیا ہے، دس ارب ڈالر کے منصوبے سے پاکستان کو یومیہ ایک ارب بتیس کروڑ کیوبک فیٹ گیس ملے گی۔

ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں تاپی رکن ممالک ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، جس میں وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر عالمی رہنماوٴں نے شرکت کی، دس ارب ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا، منصوبے کے تحت افغانستان کو پچاس کروڑ جبکہ پاکستان اور بھارت کو مساوی طور پر یومیہ ایک ارب بتیس کروڑ کیوبک فیٹ گیس حاصل ہوگی۔

منصوبے کے لئے کنسورشیم لیڈر کا انتخاب رواں سال ستمبر میں کیا گیا تھا، اس سے قبل اپریل میں کابل میں ہونے والے اکیسویں اجلاس میں منصوبے کی لاگت اور گیس کی قیمت کا تعین کیا گیا تھا، منصوبہ تیس سال کے لئے موثر ہوگا، جس کے لئے افغانستان کو ٹرانزٹ فیس کی مد میں سالانہ کروڑوں ڈالر ملیں گے، جبکہ ہزاروں افغانیوں کو روزگار بھی ملے گا۔

تاپی کے تحت ترکمانستان سے گیس براستہ افغانستان پاکستان کو ملے گی، جہاں سے بھارت فراہم کی جائے گی، منصوبے پر ایشیائی ترقیاتی بینک آٹھ ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل کی مدت دوہزار سترہ ہے۔