پہلی بزنس ٹرین کراچی سے لاہور روانہ

شائع 08 فروری 2016 04:15pm

water_image

کراچی :حکومت کی سرپرستی میں پہلی بزنس ٹرین کراچی سے لاہور کے لئے روانہ ہوگئی، کئی نوبیاہتا جوڑوں نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز نئی ریل گاڑی سے کیا۔

یہ مناظر ہیں کراچی کینٹ اسٹیشن کے، جہاں نجی شعبہ نہیں، بلکہ پہلی بار بزنس ٹرین سرکار کے زیرسایہ کراچی سے لاہور روانہ ہوئی۔نئی ریل گاڑی میں عام مسافروں کے ساتھ کئی نوبیاہتا جوڑوں نے بھی اپنے نئی زندگی کے سفر کا آغاز کیا۔

حکومت نے پاکستان ریلوے کی حالت بہتر کرنے کے لئے بزنس ٹرین کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کیا تھا، تاہم نجی شعبہ معاہدے کے مطابق ٹرین چلانے میں ناکام رہا، جس کے بعد بزنس ٹرین کا انتظام حکومت نے خود سنبھال لیا، جس کے بعد آٹھ فروری کو کراچی سے پہلی بزنس ٹرین لاہور کے لئے روانہ ہوئی۔

مسافروں نے نئی ریل گاڑی میں انٹرنیٹ وائی فائی، پینے کا صاف پانی، بیت الخلا، آرام دہ نشستوں سمیت دیگر سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔کراچی سے ساڑھے تین بجے سہہ پہر سیکڑوں مسافروں کو لے کر بزنس ٹرین لاہور کے لئے روانہ ہوئی۔