کراچی : ڈکیتی کی واردات کے دوران دو ڈاکو ہلاک

شائع 09 فروری 2016 04:34am

ambulance000000

کراچی :کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے، رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹ کلر سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں واقع پھل فروش سے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے پھل فروش موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، اس دوران گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دونوں موٹر سائیکل سوار ڈاکو زخمی ہوگئے جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

دوسری جانب رینجرز نے ناظم آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلر خرم عرف موٹا کو گرفتار کرلیا، ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزم عسکری ونگ کی ٹارگٹ کلنگ کا رکن ہے، ملزم نے متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے جبکہ عدالت نے نوے روز کے لیے ملزم کو رینجرز کے حوالے کردیا۔

منگھوپیرمیں پولیس نے مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور دو فرار ہوگئے، ملزم کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث ہے۔

ادھر عزیزآباد اور کھارادر میں بانکرا ہوٹل کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے تین ملزمان سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار افراد اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھے۔