سولہ دسمبر کو آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے نام سے منسوبی کیلئے قرارداد

شائع 09 فروری 2016 02:27pm

punjabbb_image

لاہور :پنجاب اسمبلی نے سولہ دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید بچوں کے نام سے منسوب کرنے کیلئے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی رکن اسمبلی نبیلہ حاکم علی نے قرارداد ایوان میں پیش کرتے ہوئے موٴقف اختیار کیا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے طلباء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سولہ دسمبر کو بچوں کے قومی دن کے طور پر منایا جائے۔

ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس بابت سرکاری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔جبکہ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید کی طرف سے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کے حوالے سے پیش کی جانیوالی قرارد ایوان نے مسترد کر دی۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد عوامی مفاد کی نہیں بلکہ انتشار پر مبنی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے حزب اقتدار کی طرف سے قرارداد کی حمایت نہ کرنے کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔پنجاب اسمبلی نے صوبے بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں اینجیو گرافی کی سہولت کی فراہمی سے متعلق قرارد کی کثرت رائے سے منظوری دی۔