حکومتوں کا کام کاروبار چلانا نہیں،نواز شریف

شائع 09 فروری 2016 04:39pm

nawaz

اسلام آباد:وزیراعظم سے ہالینڈ کی ملکہ میکسیما، ورلڈ بینک کے صدر ڈاکٹر یونگ اور قازقستان کے اول نائب وزیر دفاع نے الگ الگ ملاقات کی۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومتوں کا کام کاروبار چلانا نہیں، نجی شعبے کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا ہمارا مقصد ہے۔ علاقائی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما تین روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ نوازشریف نے ملکہ میکسیما کا وزیراعظم ہاوٴس میں پرجوش خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیالات کیا۔

ورلڈ بینک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے بھرپور کوشش کی جارہی ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ حکومتیں کاروبار نہیں چلاتیں، نجی شعبے کی مناسب حوصلہ افزائی سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم نواز شریف سے قازقستان کے اول نائب وزیردفاع اور افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل اوی خانووچ نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے قازقستان بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ قازق رہنما نے کہا کہ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوششیں دونوں جانب سے جاری رہنی چاہئیں۔