Aaj News

منگل, مئ 07, 2024  
28 Shawwal 1445  

پاک بھارت ٹاکرا: بھارت نے پاکستان کو 337 رنز کا ہدف دے دیا

شائع 16 جون 2019 01:55pm

pakvsind

مانچسٹر: روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی کپ 2019 میں اب تک کے سب سے بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 337 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی دعوت پر بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 336 رنز اسکور کئے۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما نے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، 32 کے اسکور پر فخر زمان نے ان کا رن آؤٹ مِس کیا تھا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے سینچری بناڈالی۔

اس کے علاوہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 77، لوکیش راہول نے 57، ہاردیک پانڈیا نے 26 اور وجے شنکر نے ناٹ آؤٹ 15 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اپنے 10 اوورز کے کوٹے میں 47 رنز دے کر 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے علاوہ وہاب ریاض اور حسن علی نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے اہم ترین میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں ٹکرا رہےہیں۔

پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔ لیکن میچ سے کچھ لمحے قبل پاکستانی شائقین نے اہم ترین پیشگوئی کی ہے، جس کے مطابق آج پاکستان کے میچ جیتنے کے 79 فیصد چانسز ہیں جبکہ 21 فیصد شائقین نے بھارت کے حق میں ووٹ دیا۔

Untitled-1

دونوں ٹیموں نے مقابلے کے لیے کمر کس لی ہے جب کہ شائقین کرکٹ بھی میچ کا بڑی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے کھیلا جائے گا، میچ کے دوران بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم اس وقت مانچسٹر میں ہلکی بارش کے باعث پچ کو ڈھانپ دیا گیا جب کہ میچ کا ٹاس مقررہ وقت پر ہی ہونے کی امید ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اب تک 4 میچز کھیل چکا ہے، پہلے میچ میں قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ دوسرے میچ میں شاہینوں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا، سری لنکا سے تیسرا مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا جب کہ آخری میچ میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی تھی۔

بھارتی ٹیم اب تک ایونٹ میں 3 میچز کھیل کر ناقابل شکست رہی ہے، پہلے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا اور دوسرے میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی جب کہ نیوزی لینڈ سے مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان بھارت کے خلاف اب تک ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکا ہے، انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچز میں بھارت نے 3 اور گرین شرٹس نے 2 جیتے ہیں جن میں سے آخری چیمپئنز ٹرافی کا فائنل تھا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اولڈ ٹریفورڈ میں پہلی اور آخری بار 20سال قبل ورلڈکپ 1999میں مد مقابل ہوئی تھیں، اس میچ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div