کراچی میں جاتی سردی پھر لوٹ آئی، موسم مزید سرد ہونے کاامکان

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2020 10:57am
فائل فوٹو

کراچی :شہر قائد کا موسم ایک بار پھر تبدیل ہوگیا، جاتی سردی پھر لوٹ آئی ، محکمہ موسمیات کا کہنا آئندہ ایک دو روز میں  موسم مزیدسرد ہونے کا امکان ہے۔

 کراچی میں تین روز سے موسم معتدل رہنے کے بعد ایک بار پھر  تبدیل ہوگیا ہے، صبح سے ہی ٹھنڈی ہوائیں پھر چلنا شروع ہوگئیں ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، شمال مشرق سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی شدت میں ایک دو روز میں مزید اضافے کا امکان ہے جس سے سردی میں اضافے ہوگا۔

 جاتی سردی کے لوٹ آنے کے بعد شہر کے باسیوں نے بھی دوبارہ گرم ملبوسات پہن لیے ہیں ۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا ۔