سیاسی جماعتیں الفاظ کی بجائے”کاز“کو اہمیت دیں، فردوس عاشق اعوان

اپ ڈیٹ 02 اپريل 2020 09:54am
فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے التماس ہے کہ الفاظ کی بجائے”کاز“کو اہمیت دیں، لفظ”ٹائیگر“ کو کسی سیاسی جماعت سے منسوب نہ کیا جائے،ہمیں ایک ٹیم بن کر کرونا جیسے دشمن کو شکست دینی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے ‏سماجی خدمات میں نوجوانوں نے ہمیشہ روشن کردار ادا کیا کیونکہ وہ بے غرض ہو کر خدمت خلق کا کام انجام دیتے ہیں،وزیراعظم نے مستحق افراد کے گھروں میں اشیائے ضروریہ پہنچانے کی ذمہ داری انہیں نوجوانوں کے سپرد کی جو سماجی کام میں عمران خان کا ہمیشہ دست و بازو بنے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا ‏لفظ "ٹائیگر" کو کسی سیاسی جماعت سے منسوب نہ کیا جائے، سماج کی خدمت کرنے والا ہر نوجوان ٹائیگر ہے، عمران خان انہیں تب سے ٹائیگر قرار دے رہے ہیں جب وہ سیاست میں بھی نہیں آئے تھے،یہی نوجوان شوکت خانم اسپتال کی تعمیرمیں پیش پیش تھے جو کسی کے علاج میں سیاسی تفریق نہیں کرتا۔

معاون خصوصی نے ‏تمام سیاسی جماعتوں سے الفاظ کے بجائے "کاز" کو اہمیت دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک ٹیم بن کر کرونا جیسے دشمن کو شکست دینی ہے،نوجوان قومی خدمت کی مشن میں عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے خود کو سیٹیزن پورٹل پر رجسٹر کروائیں۔