پنجاب حکومت کا صوبے کے اسپتالوں میں آؤٹ ڈور کھولنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2020 03:32am
فائل فوٹو

لاہور:پنجاب حکومت نے صوبے کے اسپتالوں میں آؤٹ ڈور کھولنے کا فیصلہ کرلیا،کورونا وائرس سے متعلق ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کی سکریننگ کی جائے گی۔

 وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت اور چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں کے آؤٹ ڈورز کو عام مریضوں کیلئے کھول دیا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ تبلیغی جماعت کے تمام اراکین کی سکریننگ تقریبا مکمل کرلی گئی ہے۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ دوسرے صوبوں اور بیرون ملک سے تبلیغی اجتماعات میں شرکت کرنے والے تمام افراد کی فہرستیں تیار کی جائیں۔

اجلاس میں لائیو سٹاک اور سوشل ویلفیئر کی تمام موبائل گاڑیوں کو عوام کی سکریننگ کیلئے استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔