پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5496 ہوگئی
فائل فوٹولاہور،کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا،جس کے بعد تعداد5496 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نےکوروناوائرس سے متاثرہ افرادکے نئے اعداد وشمارجاری کردیئے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے،گزشہ 24گھنٹےکےدوران کورونا کےمزید 122 کیسز رپورٹ ہوئےجس کے بعد پاکستان میں کوروناوائرس کےمریضوں کی تعداد5ہزار 496 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا،جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد2672 ہوگئی جبکہ سندھ میں 1452 افرادکوروناوائرس کا شکار ہوئے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوامیں 744،بلوچستان میں 230،گلگت بلتستان میں224،اسلام آباد میں 131 اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے43کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی طورپر 51 فیصد کیسز دیگر ممالک سے اور 49 فیصدمقامی طور پر پھیلے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 7 مریض جاں بحق ہوئے،جس کے بعد اموات کی تعداد93ہوگئی۔
کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں 34،سندھ میں30،پنجاب میں23،گلگت بلتستان میں 3اور بلوچستان میں 2اوراسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے 1097 مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک بھر کے 587اسپتالوں میں 1440مریضوں کا علاج جاری ہے،جن میں سے 44 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 353قرنطینہ مراکز میں 17 ہزار 332 افراد کو رکھا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری نئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3233افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ملک بھر میں مجموعی طور پر اب تک 65ہزار 114افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
پچیس اپریل تک کوروناکیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
وفاقی حکومت کا کہنا ہے 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔
ملک بھر میں 14اپریل تک لاک ڈاؤن جاری
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔
مسافر ٹرینیں بند ، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال
وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا ۔
البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔